Live Updates

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کا شہر اور کنٹرول روم کا دورہ

اتوار 8 جون 2025 14:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے شہر اور کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ اپنے اس دورے کے دوران انہوں نے عید کے دوسرے روز صفائی آپریشن کا جائزہ لیا اور آلائشوں کی بروقت صفائی کو یقینی بنائے جانے کے بارے اقدامات کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرو ویسٹ پالیسی کے تحت شہر بھر میں صفائی ستھرائی کا عمل جاری ہے۔

سیالکوٹ ضلعی انتظامیہ اور ستھرا پنجاب پروگرام کی ٹیمیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عزم صاف ستھرا پنجاب کے تحت شہر بھر سے آلائشیں اٹھانے کے ساتھ ساتھ سڑکوں کو بھی واش کر رہی ہیں، ورکرز شدید گرمی میں صفائی کے عمل میں مصروف ہیں، شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے 1139ہیلپ لائن بھی فعال ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ شہری و دیہی علاقوں میں صفائی کے یکساں انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ عوام کو کسی کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے بتایا کہ اس صفائی آپریشن میں 1700 کے لگ بھگ گاڑیاں حصہ لے رہی ہیں جبکہ 4500 سے زائد ورکرز آلائشیں کلیکشن پوائنٹس تک منتقل کر رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کا کہنا تھا کہ ضلع سیالکوٹ کی چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اس صفائی مہم کی نگرانی کر رہے ہیں۔ سی او سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایس ڈبلیو ایم سی) کاشف نواز رندھاوا نے انہیں صفائی انتظامات بارے بریفنگ بھی دی۔

ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کا کہنا تھا کہ زیرو ویسٹ ہونے تک دوسرے روز بھی صفائی آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر سی او ایس ڈبلیو ایم سی نے موٹر سائیکل پر شہر کی گلیوں اور محلوں کا دورہ بھی کیا۔ سی او ایس ڈبلیو ایم سی کاشف نواز رندھاوا نے اپنے دورے کے دوران دوپہر کا کھانا اپنے ورکرز کے ساتھ کھایا۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات