Live Updates

ساہیوال کول پاور پلانٹ پر عید الاضحیٰ کی روح پرور تقریبات

اتوار 8 جون 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2025ء) عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر 1320 میگاواٹ ساہیوال کول پاور پلانٹ اتحاد، قربانی اور جذبے کی علامت بنا رہا، ملک بھر میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے بھی پلانٹ کے پاکستانی اور چینی ملازمین نے عید کی رونقوں کو خوبصورتی سے منایا ۔7 جون 2025 کا دن پلانٹ پر روایتی پاکستانی ناشتے سے شروع ہوا، جس میں نان چنے، حلوہ پوری، پراٹھے اور آملیٹ شامل تھے۔

تازہ دودھ کی چائے کی خوشبو نے صبح کے وقت کو مزید خوبصورت بنادیا۔ ناشتے کے بعد ملازمین کے لیے مسجد میں عید کی نماز کے لیے خصوصی بس سروس کا اہتمام کیا گیا، جس میں خوش لباس ملازمین نے شرکت کی ۔ صبح 8 بجے کام کا معمول بحال ہوا، جہاں چینی ساتھیوں نے پاکستانی ملازمین کو عید کی مبارکباد دی اور نیک تمنائوںکا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک کے درمیان گہرے تعلقات کی عکاسی کرتے ہوئے دوپہر کے وقت انتظامیہ نے تمام عملے کے لیے عید کی شاندار ضیافت کا اہتمام کیا، جس میں روایتی پکوان جیسے مٹن اور چکن کری، دال، سبزی اور میٹھے پکوان پیش کیے گئے ۔

دن کا سب سے خاص لمحہ عید کی مناسبت سے خصوصی کیک کاٹنے کی تقریب تھی، جس پر پاکستان اور چین کی دوستی کی علامات نمایاں تھیں۔ چینی لیڈرشپ ٹیم نے کیک کاٹنے کی تقریب کی قیادت کی، جبکہ پاکستانی عملے نے بھی اس میں بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر لیڈرشپ نے پاکستانی ملازمین کی قربانیوں اور لگن کو سراہتے ہوئے ملک کی ترقی میں ان کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا ۔ عید الاضحی کی تقریبات نے ساہیوال پاور پلانٹ کو نہ صرف ثقافتی ہم آہنگی کا محور بنایا بلکہ یہ پاک چین دوستی اور قومی خدمت کی ایک روشن مثال بھی ثابت ہوا۔ کام اور جشن کے درمیان توازن قائم کرتے ہوئے یہاں کے ملازمین نے ثابت کیا کہ وہ نہ صرف ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کر رہے ہیں بلکہ اتحاد اور خوشی کے پیکر بھی ہیں ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات