Live Updates

منی پور کے عوام وزیر اعظم کی ناہلی اور مجرمانہ خاموشی کی قیمت چکا رہے ہیں، جے رام رمیش

پیر 9 جون 2025 11:10

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2025ء) بھارت میں حزب اختلاف کی مرکزی جماعت کانگریس نے منی پور کی سنگین صورتحال پر وزیر اعظم نریندر مودی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ منی پور کے عوام نریندرمودی کی نااہلی ،مجرمانہ خاموشی اور بے رخی کی قیمت چکا رہے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ منی پور میںتشدد، لاقانونیت اور عوام کی بے بسی کا سلسلہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امپھال ویسٹ، امپھال ایسٹ، تھوبال، کاکچنگ اور بشنو پور میں دوبارہ تشددپھیل گیاہے ،جو اس بات کا ثبوت ہے کہ صدراتی راج نافذ کیے جانے کے باوجودمنی پور میں زمینی حالات میں کوئی بہتری نہیں آئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے یاد دلایا کہ فروری 2022 میں بی جے پی کو منی پور اسمبلی انتخابات میں واضح اکثریت حاصل ہوئی تھی لیکن صرف 15 مہینے بعد، 3 مئی 2023کو ریاست کو جلنے کے لیے چھوڑ دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سینکڑوں بیگناہ مرد،خواتین اور بچے مارے گئے، ہزاروں افراد بے گھر ہوئے اور عبادت گاہوں کو تباہ کیا گیا۔جے رام رمیش نے کہا کہ مودی جی نے ریاست کی صورتحال پر مجرمانہ خاموشی اختیارکر رکھی ہے اور نہ ہی انہوں نے صورتحال کاجائزہ لینے کیلئلے منی پور کا دورہ کیاہے۔مودی جی نے پوری ذمہ داری وزیر داخلہ پر ڈال دی ہے، جو مکمل طور پر ناکام ہیں۔ادھر ہفتے کی شب میتی تنظیم ارمبائی تنگول کے ایک رہنما کی مبینہ گرفتاری کے بعد امپھال ویسٹ اور ایسٹ سمیت پانچ اضلاع میں مظاہرے شروع ہو گئے ہیں ۔ پرتشدد احتجاج کے بعد ان اضلاع میں پانچ روز کے لیے انٹرنیٹ اور موبائل ڈیٹا خدمات معطل کر دی گئی ہیں، جب کہ بشنو پور میں مکمل کرفیو نافذ ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات