ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت راولپنڈی ڈویژن میں عید الاضحی گرینڈ صفائی آپریشن مکمل

پیر 9 جون 2025 12:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عید الاضحی کا گرینڈ صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل کرتے ہوئے تین دنوں میں راولپنڈی ڈویژن کی 22 تحصیلوں سےقربانی کے جانوروں کی تقریباً 20 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں ٹھکانے لگا دیں،صفائی کے حوالے سے موصول ہونیوالی تمام 800سے زائدشکایات کوحل کر دیا گیا،صفائی آپریشن میں 11687ورکرز،2823گاڑیوں نے حصہ لیا،آلائشیں ڈالنے کیلئے راولپنڈی ڈویژن کے شہریوں میں تقریباً10 لاکھ26ہزاربائیوڈی گریڈ ایبل ویسٹ بیگز اورایک لاکھ سے زائد آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔

کمشنر راولپنڈی عامر خٹک نے عید صفائی آپریشن کی خود نگرانی کی اور صفائی کا جائزہ لینے کیلئے عیدکے دنوں میں راولپنڈی سمیت تمام اضلاع کے دورے بھی کئے،صفائی میں بہتری کیلئے موقع پر ہدایات بھی جاری کیں۔

(جاری ہے)

کمشنر کی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی وچیئرمین راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی حسن وقار چیمہ نے سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز،سٹی،صدر اور کینٹ اسسٹنٹ کمشنرزکے ہمراہ عید کے تینوں دن راولپنڈی شہر،ٹرانسفر سٹیشنزاور کنٹرول روم کا دورہ کر کے صفائی کا جائزہ لیا۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب،ایم این اے طاہرہ اورنگزیب،ممبران پنجاب اسمبلی راجہ محمد حنیف،ضیاء اللہ شاہ نے بھی ٹرانسفر سٹیشنز اور مرکزی کنٹرول روم کے دورے کرکے صفائی آپریشن کی نگرانی کی۔راولپنڈی کی تحصیلوں ٹیکسلا،کہوٹہ،کلر سیداں اور گوجرخان کے اسسٹنٹ کمشنرز،اسی طرح مری،اٹک،چکوال،جہلم اور تلہ گنگ کے ڈپٹی کمشنرز اور ان کی تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرزنے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ضلعی وتحصیل افسران کے ساتھ ملکر عیدالاضحی صفائی آپریشن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے۔

کمشنر راولپنڈی نے ڈویژن بھر میں صفائی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر اور تمام عملے کو سراہا۔ سی ای اوراولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر نے کہا ہے کہ 72گھنٹو ں تک ورکرز مسلسل مختلف شفٹوں میں کام کرتے رہے،آر ڈبلیو ایم سی آفس میں قائم کنٹرول روم میں شکایات کی وصولی اور فوری حل کیلئے تمام سٹاف 24گھنٹے مختلف شفٹوں میں موجودرہا، صفائی آپریشن عید سے ایک دن قبل شروع ہوکرعید کے تیسرے دن تک بلا تعطل جاری رہا،عید کے پہلے روز 9085 ٹن،دوسرے روز 9734 ٹن آلائشیں ٹھکانے لگائی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی سٹی میں پہلے روز 3487ٹن،دوسرے روز3781،ٹیکسلامیں پہلے روز 231،دوسرے روز150،گوجر خان میں پہلے روز 525،دوسرے روز733،کہوٹہ میں پہلے روز 124دوسرے روز223،کلرسیداں میں پہلے روز 200،دوسرے روز213،مری میں پہلے روز40،دوسرے روز83،کوٹلی ستیاں میں پہلے روز6،دوسرے روز51،اٹک میں پہلے روز 404،دوسرے روز368،فتح جنگ میں پہلے روز 311،دوسرے روز213،حضرومیں پہلے روز 393،دوسرے روز301،جنڈمیں پہلے روز253،دوسرے روز216،پنڈی گھیب میں پہلے روز 213،دوسرے روز205،چکوال میں پہلے روز 720،دوسرے روز753،چواسیدن شاہ میں پہلے روز 151،دوسرے روز135،کلرکہارمیں پہلے روز 243،دوسرے روز272،تلہ گنگ میں پہلے روز 421،دوسرے روز391،لاوہ میں پہلے روز 105،دوسرے روز161،جہلم میں پہلے روز475،دوسرے روز427،دینہ میں پہلے روز 187،دوسرے روز464،سوہاو ہ میں پہلے روز 238،دوسرے روز185،پنڈ دادنخان میں پہلے روز 140ٹن اور دوسرے روز 229آلائشیں اٹھا کر تلف کر دی گئیں۔

رانا ساجد صفدر نے کہا کہ راولپنڈی سمیت تمام 6اضلاع میں 73 مستقل اور168موبائل ٹرانسفر سٹیشز قائم کئے گئے، 22کنٹرول روم میں 54افراد کا عملہ ڈیوٹی پر موجود رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعفن اور جراثیم کے خاتمے کیلئے 4لاکھ67ہزار5سوکلوگرام چونا،1880لٹرعرق گلاب اور3760لٹرفنائل کا چھڑکاؤ کیا گیا۔راولپنڈی ڈویژن کی 135 بڑی اجتماعی قربان گاہوں پر 497ورکرزاور206گاڑیاں موجود رہیں۔

اسی طرح تمام22 تحصیلوں میں ویسٹ بیگز فراہم کئے گئے اور شکایات کے اندراج اورآگاہی کیلئے 45ماڈل اور357یونین کونسل کیمپ قائم کئے گئے۔ تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اور تحصیلوں میں 12ہزار سے زائدچھوٹے بڑے آگاہی بینرز بھی آویزاں کئےجن پر ہیلپ لائن اور دیگر نمبرز درج تھے۔ سوشل میڈیا اورٹیکسٹ میسیج کے ذریعے آگاہی پیغامات چلائے گئے۔ شہر میں زیروویسٹ کو یقینی بنانے کیلئے عید سے ایک دن قبل شہر بھر کی گلیوں،بازاروں،سڑکوں،عید گاہوں،قربان گاہوں اور مساجد کی بھرپو ر صفائی کی گی۔

سی ای اوراولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر نے کہا کہ 17 ڈمپ سائٹس پر 24گھنٹے کام جاری رہا، آلائشوں کو تلف کرنے کیلئے 34بڑی خندقیں کھودی گئیں،عید صفائی آپریشن کی تکمیل پران خندقوں کو مٹی سے بھرکرچونے کاچھڑکاؤکیا گیا، بدبو اورجراثیم کے خاتمے کیلئے فنائل اور عرق گلاب سے سڑکوں،گلیوں،بازاروں،قربان گاہوں،ٹرانسفر سٹیشنزاور کنٹینرز کو بھی واش کیا گیا۔