Live Updates

آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پلان کے اہم اہداف طے کرلیے گئے

مالی سال 2025/26ء کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کا منفی 0.5 فیصد رکھنے کا تخمینہ ہے

Sajid Ali ساجد علی پیر 9 جون 2025 15:10

آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پلان کے اہم اہداف طے کرلیے گئے
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جون 2025ء ) حکومت نے بجٹ سے قبل آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پلان کے اہم اہداف طے کرلیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئندہ مالی سال 2025/26ء کے سالانہ ترقیاتی پلان کے اہم اہداف طے کرلیے گئے ہیں جن کے تحت مالی سال 2025/26ء کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کا منفی 0.5 فیصد رکھنے کا تخمینہ ہے، آئندہ مالی سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 2 اعشاریہ ایک ارب ڈالر مختص کیا گیا ہے، حکومت نے آئندہ مالی سال کیلئے برآمدات کا ہدف 35 ارب 30 کروڑ ڈالر مقرر کیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ آئندہ مالی سال کے لیے درآمدات کا ہدف 65 ارب 20 کروڑ ڈالر مقرر کیا گیا ہے، حکومت نے آئندہ مالی سال میں خدمات کے شعبہ میں برآمدات کا ہدف 9 ارب 60 کروڑ ڈالر مقرر کیا ہے، خدمات کے شعبے کی درآمدات کا ہدف 14 ارب ڈالر مختص کیا گیا ہے، آئندہ مالی سال کیلئے ترسیلات زر کا ہدف 39 اعشاریہ 4 ارب ڈالر مقرر ہوا ہے، آئندہ مالی سال کیلئے اشیاء اور خدمات کی برآمدات کا ہدف 44 اعشاریہ 9 ارب ڈالر مقرر کیا گیا ہے، حکومت نے اشیاء اور خدمات کی درآمدات کا ہدف 79 اعشاریہ 2 ارب ڈالر مقرر کیا ہے۔

(جاری ہے)

ادھر سپیکر سردار ایاز صادق نے وفاقی بجٹ کے لیے قومی اسمبلی کے شیڈول کی منظوری دیدی ہے، جس کے تحت وفاقی بجٹ 2025/26ء اس ماہ 10 جون کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، 11 اور 12 جون کو قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں ہوگا، 13 جون کو قومی اسمبلی میں وفاقی بجٹ پر بحث کا آغاز ہوگا، قومی اسمبلی میں موجود پارلیمانی جماعتوں کو قواعد کے مطابق بحث کیلئے وقت دیا جائے گا، وفاقی بجٹ پر بحث 21 جون تک جاری ہے گی۔

بتایا جارہا ہے کہ 22 جون کو قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں ہوگا، 23 جون کو قومی اسمبلی میں 2025/26ء کے مختص کردہ ضروری اخراجات پر بحث ہوگی، 24 اور 25 جون کو ڈیمانڈز، گرانٹس، کٹوتی کی تحاریک پر بحث اور ووٹنگ ہوگی، 26 جون کو فنانس بل کی قومی اسمبلی سے منظوری ہوگی، 27 جون کو سپلیمنٹری گرانٹس سمیت دیگر امور پر بحث اور ووٹنگ ہوگی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات