اپ ڈیٹ

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ، جوانوں کیساتھ عید منائی مورچوں پر اہلخانہ کے بغیر عید سب سے بڑا قومی فریضہ ہے، عید پر گھر والوں سے دور رہنا مادر دفاع وطن کے اعلیٰ قومی مقصد کو پورا کرتا ہے، فیلڈ مارشل پاک فوج کے جرات مندانہ موثر جواب سے پاکستانی شہریوں کی جانوں کے ضیاع کا مناسب بدلہ لیا،مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور

پیر 9 جون 2025 15:15

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2025ء) آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عیدالاضحی کے روز لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور عید جوانوں کے ساتھ منائی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عیدالاضحی اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں کے ساتھ منائی، ایل او سی پہنچنے پر کمانڈر راولپنڈی کور نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا۔

آرمی چیف نے عیدالاضحی کی نماز بھی جوانوں کے ساتھ اگلے مورچوں پر ادا کی، نماز عید کے بعد وطن کی ترقی و استحکام ،شہدا کے ثواب کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کو عید کی مبارکباد دی اور جوانوں کے عزم و حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو سراہا اور بلند حوصلے، غیرمعمولی آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

ترجمان پاک فوج کے مطابق فیلڈ مارشل نے افسروں اور جوانوں سے خطاب میں کہا کہ مورچوں پر اہلخانہ کے بغیر عید سب سے بڑا قومی فریضہ ہے، عید پر گھر والوں سے دور رہنا مادر دفاع وطن کے اعلیٰ قومی مقصد کو پورا کرتا ہے۔آرمی چیف نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے جرات مندانہ موثر جواب سے پاکستانی شہریوں کی جانوں کے ضیاع کا مناسب بدلہ لیا۔

آئی ایس پی آرکے مطابق فیلڈ مارشل نے مسلح افواج کی جنگی تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اعادہ کیا اور شہدا، غازیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق فیلڈ مارشل نے معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوس میں مثالی کارکردگی کو بھی سراہا جبکہ آرمی چیف کے دورے کا مقصد فرنٹ لائن دستوں کے ساتھ عید منانا تھا۔