اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 09 جون 2025ء) بھارتی شہر ممبئی کی طرف سفر کرنے والے ایک مال بردار بحری جہاز میں آج بروز پیر متعدد دھماکے ہوئے اور ساتھ ہی آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں چالیس کنٹینر بحیرہ عرب میں غرق ہو سکتے ہیں جبکہ جہاز کے عملے میں شامل کئی افراد آگ سے بچنے کے لیے سمندر میں کود گئے۔
بھارت کی جنوبی ریاست کیرالہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے سیکریٹری شیکھر کوریاکوس کے مطابق سنگاپو کے پرچم والے اس بحری جہاز کے ساتھ یہ حادثہ کیرالہ کے ساحل سے تقریباﹰ 144 کلو میٹر دور پیش آیا۔
کوریاکوس نے بتایا، ''ابتدائی تفصیلات کے مطابق اس جہاز پر موجود عملے کی تعداد 22 تھی، جن میں سے 18 نے سمندر میں چھلانگ لگائی اور اب وہ ریسکیو کشتیوں میں ہیں۔
(جاری ہے)
‘‘
کوریاکوس نے مزید کہا کہ فی الحال متاثرہ جہاز ڈوبا نہیں ہے۔
بھارتی کوسٹ گارڈ کی جانب سے ایکس پر شیئر کی گئیں تصاویر اور ویڈیوز میں اس جہاز سے سیاہ دھواں اٹھتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس مقام کے قریب کچھ کنٹینر بھی پڑے دیکھے گئے۔بھارتی وزارت دفاع کے تعلقات عامہ کے ایک افسر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ اس وقت جہاز سمندر میں ہی سفر کر رہا ہے اور آگ کی لپیٹ میں ہے۔
حکام نے ابھی تک یہ نہیں بتایا ہے کہ جہاز میں موجود کنٹینرز میں کیا سامان لے جایا جا رہا تھا اور اس میں دھماکوں کی وجہ کیا بنی۔
م ا/ ا ا (روئٹرز)