وزیراعلی سندھ کی جانب سے سفیروں، وزرا اور سول سوسائٹی رہنماؤں کے اعزاز میں عید ملن پارٹی

سفیروں، صوبائی وزرا، مشیروں، خصوصی معاونین، آئی جی پولیس، صوبائی سیکریٹریز، سینئر افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان کی شرکت

پیر 9 جون 2025 17:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2025ء)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے عید الاضحی کی خوشیوں کو منانے کے لیے ایک پر وقار عید ملن تقریب کا اہتمام کیا، جس میں سفیروں، صوبائی وزرا، مشیروں، خصوصی معاونین، آئی جی پولیس، صوبائی سیکریٹریز، سینئر افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان، کراچی ڈویژن کے منتخب عوامی نمائندوں اور پارٹی کارکنوں نے شرکت کی۔

یہ تقریب وزیراعلی ہاؤس میں منعقد ہوئی، جہاں سید مراد علی شاہ نے متحدہ عرب امارات، چین، جاپان، ملائشیا، اٹلی، انڈونیشیا، قطر، برطانیہ، امریکہ، بنگلہ دیش، سعودی عرب، ترکی، عمان، روس اور دیگر ممالک کے قونصل جنرلز سے خصوصی ملاقات کی۔ کیتھولک رہنما کارڈینل جوزف کوٹس، فادر ماریو، اور پارسی کمیونٹی کے رہنما دینشا بہرام اواری نے بین المذاہب ہم آہنگی کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں معروف کاروباری شخصیات عقیل کریم ڈھیڈی، زبیر موتی والا، جاوید بلوانی اور دیگر معزز مہمان بھی شریک تھے۔ وزیراعلی سید مراد علی شاہ نے تمام مہمانوں کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔ مہمانوں کی تواضع روایتی تکہ کباب، مٹھائیوں اور دیگر ریفریشمنٹس سے کی گئی۔ مراد علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ عید الاضحی قربانی، صبر اور اخلاص کا درس دیتی ہے، اور حضرت ابراہیم (ع) کی عظیم قربانی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ اللہ کی رضا کے لیے قربانی دینا اصل عبادت ہے۔

انہوں نے سندھ میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا اور پیپلز پارٹی کی عوامی خدمت سے وابستگی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو جماعت کا اصل سرمایہ قرار دیا۔ تقریب کے آخر میں وزیراعلی سندھ نے کارکنوں سے گھل مل کر ملاقات کی اور اتحاد اور مشترکہ مقصد کے جذبے کو فروغ دیا۔