تنگی میں لوڈشیڈنگ کے خلاف عوامی احتجاج شدت اختیار کر گیا، صورتحال سنگین

شہری سڑکوں پر نکل آئے،گرڈ سٹیشن تنگی پر دھاوا ،واپڈا اہلکاروں پر تشدد ،املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش

پیر 9 جون 2025 19:20

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2025ء)تنگی میں لوڈشیڈنگ کے خلاف عوامی احتجاج شدت اختیار کر گیا، صورتحال سنگین ہوگئی۔ تنگی میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث عوام کا صبر جواب دے گیا۔ حکومت کی جانب سے بجلی کی فراہمی کے دعوں کے باوجود، تحصیل تنگی بدستور شدید ترین لوڈشیڈنگ کی لپیٹ میں ہے۔ اس سنگین صورت حال نے عوامی غصے کو بھڑکا دیا اور شہری سڑکوں پر نکل آئے۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے غصے میں آکر گریڈ اسٹیشن تنگی پر دھاوا بول دیا، جہاں انہوں نے واپڈا کے اہلکاروں پر تشدد کیا اور املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ واپڈا کے ملازمین اس پرتشدد احتجاج کے سامنے بے بس دکھائی دیے، جبکہ پولیس موقع پر موجود ہونے کے باوجود محض تماشائی بنی رہی اور کوئی موثر کارروائی نہ کی۔اس اچانک اور شدید عوامی ردِعمل نے سیاسی قیادت کو بھی مشکل میں ڈال دیا ہے۔ ایک جانب عوام مشتعل ہیں اور دوسری جانب نمائندہ قیادت ان کے غصے کو سنبھالنے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔ سیاسی رہنماں کی کوششوں کے باوجود مظاہرین کسی بھی بات کو سننے کو تیار نہ تھے، جس سے واضح ہو گیا کہ عوام کا اعتماد بری طرح مجروح ہو چکا ہے۔