رواں سال37 لاکھ 26 ہزار سے زائد افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے،ترجمان

منگل 10 جون 2025 13:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) پنجاب پولیس ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے مصروف عمل ہے۔رواں سال کے دوران 37 لاکھ 26 ہزار سے زائد افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 54 لاکھ 45 ہزار سے زائد چالان اور03 ارب 33 کروڑ روپے سے زائد جرمانہ عائد کئے گئے۔

دھواں چھوڑنے والی02 لاکھ28 ہزار سے زائد گاڑیوں کے چالان اور19 ہزار سے زائد تھانوں میں بند کی گئیں۔دھواں چھوڑنے والی176 گاڑیوں کے فٹنس سرٹفیکیٹ ضبط کئے گئے۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری نہ کرنے والوں کے خلاف کاروائیاں جاری رکھی جائیں،ٹریفک چالانوں کے نادہندگان سے ریکوری کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے 127 ڈرائیونگ ٹریننگ سکولز میں شہریوں کو ٹریننگ اور ڈرائیونگ ٹریننگ سنٹرز میں شہریوں کو روڈ سیفٹی، ڈرائیونگ لائسنسنگ اور ٹریفک ایجوکیشن کے حوالے سے آگاہی دی جا رہی ہے۔

بغیر لائسنس گاڑی چلانا جرم، ڈرائیور شہریوں کے پاس لائسنس کی موجودگی انتہائی اہم ہے۔لرنر، ریگولر ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید، لرنر لائسنس، ڈوپلیکیٹ لائسنس کیلئے شہری آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں۔