Live Updates

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا اے پی ایم ایس او کے 47ویں یوم تاسیس پر تہنیتی پیغام

11جون 1978 کو جو دیا جلایا آج اس کی روشنی پورے ملک میں پھیلی ہوئی ہے،ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اے پی ایم ایس او پاکستان کی وہ واحد طلبہ تنظیم ہے جو ملک کے تعلیم یافتہ قابل اور مڈل کلاس نوجوانوں کو ایوانوں میں بھیجنے کا سبب بنی

منگل 10 جون 2025 21:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2025ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اے پی ایم ایس او کے 47ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں اے پی ایم ایس او کے کارکنان، طلبہ و طالبات اور ایم کیو ایم کے کارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 47 سال قبل 11 جون 1978 کو جو دیا جلایا گیا تھا آج اس کی روشنی پورے ملک میں پھیلی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اے پی ایم ایس او پاکستان کی وہ واحد طلبہ تنظیم ہے جس نے ملک کی بڑی سیاسی طاقت کو جنم دیا جو ملک کے تعلیم یافتہ قابل نوجوانوں کو ملک کے ایوانوں میں بھیجنے کا سبب بنی اور جس کی بدولت ملک میں مڈل کلاس طبقے کیلئے سیاست کے دروازے کھلے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اے پی ایم ایس او گزشتہ 47 سالوں میں نہ صرف ایم کیو ایم کو نئی قیادت فراہم کرتی رہی ہے بلکہ جاگیرداروں اور وڈیروں کے ایوانوں میں قابل سیاسی قیادت فراہم کرنے کا سہرا بھی اے پی ایم ایس او کے سر جاتا ہے، اپنے بیان میں انکا کہنا تھا کہ اے پی ایم ایس او کے تعلیم یافتہ نوجوان آج مختلف شعبہ ہائے زندگی میں خدمات سرانجام دے کر ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ اے پی ایم ایس او صرف سیاسی میدان میں ہی نہیں بلکہ تعلیمی میدان میں بھی طلبا و طالبات کیلئے بھی رہنمائی اور معاونت فراہم کرتی رہی ہے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اے پی ایم ایس او سے وابستہ طلبا و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو اقوام وقت و حالات کے بدلتے تقاضوں کے مطابق خود کو نہیں ڈھالتی اور اپنی رفتار نہیں بدلتی ان کا نام و نشان مٹ جایا کرتا ہے لہذا آپ بھی قوم کے معمار و مستقبل ہونے کی حیثیت سے دور حاضر کے بدلتے جدید تقاضوں کے مطابق اپنی تعلیم و تربیت کا عمل جاری رکھیں تاکہ اے پی ایم ایس او اپنی روایات برقرار رکھتے ہوئے آنے والے وقت میں بھی ایم کیو ایم پاکستان اور ہمارے ملک کی ترقی میں ہراول دستے کا کردار ادا کرتی رہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات