Live Updates

وفاقی بجٹ پاکستان کی معیشت کو مزید استحکام دینے سمیت تعلیم، صحت، زراعت، کاروباراور تجارت میں مددگار ثابت ہو گا،حاجی اکرم انصاری

منگل 10 جون 2025 22:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) ڈویژنل صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) حاجی اکرم انصاری نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ 2025-26پاکستان کی معیشت کو مزید استحکام دینے میں مددگار ثابت ہو گا۔ بجٹ میں حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے اور تعلیم، صحت، زراعت، کاروباراور تجارت میں بہتری کے لئے اقدامات تجویز کئے ہیں۔اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجٹ میں کمرشل جائیدادوں، پلاٹوں اور گھروں کی ٹرانسفر پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کردی گئی ہے جبکہ بجٹ میں کارپوریٹ سیکٹر کیلئے سپر ٹیکس میں کمی کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے پراپرٹی کے کاروبار سے وابستہ افراد کو بھی ریلیف دیا ہے جس کے تحت جائیداد کی خریداری پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 4 فیصد سے کم کر کے اڑھائی فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے جو بہت خوش آئند بات ہے اور اس سے پراپرٹی اور تعمیرات کے شعبہ میں بہتری آئے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غریب عوام کی مشکلات کو سامنے رکھ کر بجٹ تیار کیا گیا ہے۔

موجودہ حالات میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ سے ان کی مالی مشکلات میں کمی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی گذشتہ سال کی معاشی اصلاحات کی بدولت ملک میں معاشی استحکام آیا ہے جس سے مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی دیکھنے کو مل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک بحرانی کیفیت سے نکل کر اب مکمل طور پر ترقی کے راستہ پر چل نکلا ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات