راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کا 30 جون تک پراپرٹی ٹیکس اور دیگر واجبات کی ادائیگی پر 10 فیصد رعایت دینے کا اعلان

بدھ 11 جون 2025 19:14

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے عوام الناس کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے 30 جون 2025 تک پراپرٹی ٹیکس اور دیگر واجبات کی بروقت ادائیگی پر 10 فیصد خصوصی رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔ بدھ کو کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق شہری اگر 30 جون 2025 تک اپنے تمام واجبات جن میں پراپرٹی ٹیکس، صفائی، پانی کے بلز اور دیگر محصولات شامل ہیں، ادا کر دیں تو وہ 10 فیصد رعایت حاصل کر سکتے ہیں تاہم مقررہ تاریخ کے بعد ادائیگی کی صورت میں تمام بقایاجات پر سالانہ 12 فیصد لیٹ فیس یا جرمانہ لاگو کیا جائے گا۔

راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے مطابق تمام متعلقہ بلز تقسیم کیے جا چکے ہیں تاہم اگر کسی شخص یا ادارے کو ابھی تک کینٹ بورڈ کا بل موصول نہیں ہوا تو وہ کنٹونمنٹ بورڈ کے دفتر سے بل حاصل کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کنٹونمنٹ بورڈ کے مطابق عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے نیشنل بینک آف پاکستان کی کنٹونمنٹ بورڈ برانچ ہفتہ 21 جون 2025 اور ہفتہ 28 جون 2025 کو صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کھلی رہے گی۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو واجبات کی ادائیگی میں کسی بھی دشواری سے بچانا ہے۔ اس کے علاوہ کینٹ بورڈ کا ریونیو عملہ بھی ان مخصوص دنوں میں دفاتر میں موجود رہے گا تاکہ شہریوں کو بلز اور ادائیگی کے حوالے سے مکمل رہنمائی فراہم کی جا سکے۔