خیبرپختونخوا ، کوہاٹ سمیت جنوبی اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں ،عوام کی زندگی اجیرن ،معمولات زندگی ٹھپ

بدھ 11 جون 2025 22:36

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء) کوہاٹ سمیت صوبہ خیبرپختونخوا کے متعدد جنوبی اضلاع شدید اور قیامت خیز گرمی کی لپیٹ میں ہیں جہاں شدید گرمی اور لو کے باعث زندگی اجیرن ہوگئی ہے اور معمولات زندگی ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں۔بدھ کے روز کوہاٹ ‘ کرک ‘ہنگو‘ بنوں ‘لکی مروت‘ ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں گرمی اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے اور ان علاقوں میں شدید گرمی پڑی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوںمیں منگل گرم ترین دن تھا جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈرہا جبکہ بدھ کے روز ڈیرہ اسماعیل خان کا درجہ حرارت 49 ڈگری اوربنوں کا درجہ حرارت48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔اگرچہ کوہاٹ‘ کرک‘ لکی مروت‘ ٹانک اور ہنگو میں موسمیات دفتر نہ ہونے کی وجہ سے درجہ حرارت معلوم نہ ہوسکے تاہم گزشتہ دو دنوں سے کوہاٹ‘ کرک‘ لکی مروت اور ٹانک شہربھی شدید اورجھلس دینے والی گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور یہاں بھی درجہ حرارت ممکنہ طورپر47 سے 49 ڈگری سینٹی گریڈ رہا ہوگا۔

(جاری ہے)

ادھر موسم گرما میں نسبتاًٹھنڈے اضلاع اورکزئی‘ کرم‘ شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں بھی بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے دن کا درجہ حرارت بڑھ گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی شدید لہر کل جمعہ تک برقرار رہے گی۔موسمیات نے عوام الناس کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے اور کہا ہے کہ دن گیارہ بجے سے سہ پہر چار بجے تک سورج کی روشنی کے سامنے آنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں ۔