Live Updates

سندھ میں بیٹھے متکبر لوگوں کو سندھیوں کے حال پر رحم کھانا چاہیے‘عظمی بخاری کا شرجیل میمن کے بیان پر رد عمل

سندھ میں مسلسل اقتدار کے باوجود عام عوام خوار، کارکردگی صفر ہے،سندھ کے لوگ بھی اب مریم نواز کے وڑن کے دیوانے ہو رہے ہیں

بدھ 11 جون 2025 21:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء)وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے شرجیل میمن کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز پاکستان کی تاریخ کی پہلی خاتون وزیراعلی پنجاب منتخب ہوئی ہیں، اور یہ قوم کے لیے ایک فخر کا مقام ہے۔عظمی بخاری نے کہا کہ مریم نواز نے عاجزی اور خدمت کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنایا ہے، اور یہی ان کی مقبولیت کی اصل وجہ ہے۔

ان کی قیادت اور طرز حکمرانی نے نہ صرف پنجاب بلکہ سندھ کے عوام کو بھی متاثر کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ کا اصل مسئلہ یہی ہے کہ سندھ کے لوگ بھی اب مریم نواز کے وڑن کے دیوانے ہو رہے ہیں۔ عظمی بخاری نے شرجیل میمن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ متکبر اور غرور سے بھرے وہی لوگ ہیں جو اقتدار میں دو یا تین مرتبہ آ چکے ہیں لیکن کارکردگی صفر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مریم نواز سے کارکردگی میں مقابلہ کریں، بیان بازی، جلن اور تنقید سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ اگر واقعی سندھ میں اچھا سسٹم لے آئے ہیں تو کم از کم کراچی کا کوڑا تو اٹھا لیں۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے واضح کیا کہ پنجاب کی فکر کرنے کے لیے یہاں کے وارث موجود ہیں، سندھ میں بیٹھے متکبر لوگوں کو پہلے اپنے عوام کی حالت پر رحم کھانا چاہیے۔ عظمی بخاری نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن)نے ماضی میں بھی پنجاب میں مضبوط بلدیاتی نظام قائم کیا تھا اور انشاء اللہ اب بھی ایک مو ثر نظام لایا جائے گا۔جن جماعتوں کو پنجاب کے حلقوں سے صرف 400 اور یونین کونسلز سے محض 50 ووٹ ملے، ان کا اصل امتحان ابھی باقی ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات