مانسہرہ، عیدالاضحیٰ کے بعد سے سیاحتی مقام ناران میں سیاحوں کی ریکارڈ آمد کا سلسلہ جاری، سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے ٹریفک پولیس متحرک

جمعرات 12 جون 2025 11:50

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) مانسہرہ کے سیاحتی مقام ناران میں عید کے بعد سے سیاحوں کی ریکارڈ آمد کا سلسلہ جاری ہے، سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے ٹریفک پولیس متحرک ہے۔ ٹریفک پولیس مانسہرہ کے مطابق سیاحوں کو سفری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے سیاحتی مقام ناران میں ٹوریسٹ فیسیلی ٹیشن سنٹر قائم کر دیا گیا۔

انسپکٹر ٹریفک پولیس مانسہرہ انس خان نے سیاحوں کو ویلکم کیا اور ان میں تحائف اور کھانے پینے کی اشیاتقسیم کیں۔ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے انسپکٹر ٹریفک پولیس مانسہرہ انس خان عید کے بعد سے خود اپنے عملے کے ہمراہ موجود ہیں اور سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے موثر اقدامات کر رہے ہیں۔ ضلع بھر کے تمام سیاحتی مقامات پر مانسہرہ ٹریفک پولیس کی جانب سے موثر اقدامات کئے گئے ہیں تاہم گزشتہ سال مون سون کی بارشوں اور سیلاب کی نظر ہونے والے مہانڈری پل جس کی مزید مرمت کا کام جاری ہے پر عوام کو ٹریفک رش کا سامنا کرنا پڑھ رہا ہے، وہاں بھی ٹریفک سٹاف موجود ہے اور سنگل ٹریفک کی روانی کو یقینی بنا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انسپکٹر ٹریفک نے عوام سے خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ ڈبل لائنز بنانے سے گریز کریں اور ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں تاکہ سب کے لیے سفر آسان اور محفوظ بنایا جا سکے۔ سیاحوں سے گزارش ہے کہ وہ پارکنگ کے لیے مقررہ مقامات کا استعمال کریں اور ٹریفک پولیس سے بھرپور تعاون کریں۔