Live Updates

اماراتی صدر کی دعوت‘وزیراعظم اعلیٰ حکومتی وفد کے ہمراہ ابوظبی روانہ ہوگئے

امارات کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات، اقتصادی تعاون اور دیگر امور پر گفتگو ہوگی

جمعرات 12 جون 2025 12:38

اماراتی صدر کی دعوت‘وزیراعظم اعلیٰ حکومتی وفد کے ہمراہ ابوظبی روانہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2025ء)وزیراعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے صدر کی دعوت پر اعلیٰ حکومتی وفد کے ہمراہ ابوظبی روانہ ہو گئے۔سرکاری ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظبی کے فرمانروا شیخ محمد بن زید النہیان کی دعوت پر ایک روزہ سرکاری دورے پر یو اے ای روانہ ہو گئے۔

وزیرِ اعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا حکومتی وفد بھی ہے، جس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔اپنے سرکاری دورے کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کریں گے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات، اقتصادی تعاون اور خطے کی صورتِ حال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

(جاری ہے)

یہ اہم دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ایک اہم کڑی سمجھا جا رہا ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان اقتصادی تعاون کے فروغ اور خارجہ تعلقات کے استحکام کی کوششوں میں مصروف ہے۔ متحدہ عرب امارات پاکستان کا قریبی اتحادی اور قابلِ اعتماد شراکت دار رہا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات