Live Updates

ایران نے ممکنہ اسرائیلی حملے کی صورت میں جوابی منصوبہ تیار کر لیا ہے، نیو یارک ٹائمز

جمعرات 12 جون 2025 16:08

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) ایران نے ممکنہ اسرائیلی حملے کی صورت میں جوابی منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ تاس کی رپورٹ کے مطابق امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے ایک سینئر ایرانی اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایرانی فوجی اور سرکاری حکام کے اجلاس میں ممکنہ اسرائیلی حملے کے بارے میں اپنے ردعمل پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اخبار کے مطابق ایرانی حکام کے تیار کردہ جوابی منصوبے کے تحت ممکنہ اسرائیلی حملے کی صورت میں سینکڑوں بیلسٹک میزائلوں سے اسرائیل پر فوری جوابی حملہ کیا جائے گا ۔سی بی ایس نیوز نے قبل ازیں رپورٹ کیا تھا کہ امریکی حکام کو بتایا گیا تھا کہ اسرائیل ایران میں کارروائی شروع کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ ایکسیوس نیوز ویب سائٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 9 جون کو اپنی فون کال میں اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کو ایسا قدم اٹھانے کے خلاف خبردار کیا۔دریں اثنا، امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے مشرق وسطیٰ سے امریکی فوجیوں کے اہل خانہ کے انخلا کی ہدایت کی ہے جس پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات