محکمہ موسمیات کی 13 سے 16 جون کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی

جمعرات 12 جون 2025 20:25

f اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2025ء)محکمہ موسمیات نے 13 سے 16 جون کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ کے تمام اضلاع میں ا?ندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، مغربی ہواؤں کے اس سلسلے کا 13جون سے بالائی علاقوں پر اثر انداز ہونے کا امکان ہے جس کے نتیجے میں 13 سے 16 جون کے دوران کشمیر ، گلگت بلتستان ، مری گلیات ، سوات اور مانسہرہ میں بارش متوقع ہے۔

بٹگرام ، مالاکنڈ ، شانگلہ ، کوہستان ، ایبٹ آباد میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہوسکتی ہے جبکہ چند مقامات پر ڑالہ باری بھی متوقع ہے۔13 سے 16 جون کے دوران اسلام آباد ، راولپنڈی ، اٹک ، چکوال ، جہلم ، میانوالی ، سرگودھا میں بھی بارش کا امکان ہے، جبکہ منڈی بہاالدین ، گوجرانوالہ ، گجرات ، سیالکوٹ ، ناروال ، لاہور ، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح ہری پور ، پشاور ، مردان ، صوابی ، نوشہرہ ، چارسدہ ، مہمند ، خیبر ، کرم ، کوہاٹ ، کرک ، ڈی آئی خان ، وزیرستان ، ، ڑوب ، بارکھان ، موسیٰ خیل میں بھی چار روز کے دوران بارش ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ کے تمام اضلاع میں آندھی ، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اس کے علاوہ سندھ، جنوبی پنجاب، بلوچستان میں گرد آلود ہوائیں اورآندھی چلے گی، اسلام آباد، کشمیر، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، مری، گلیات، مانسہرہ، سوات کی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔