Live Updates

ایوان بالا میں ایران پر اسرائیلی حملے کے خلاف قرارداد منظور ،حملے کی مذمت ،ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا

جمعہ 13 جون 2025 14:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) ایوان بالا نے ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کی ہے جس میں ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے اور ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔ جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے یہ قرارداد ایوان میں پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ آج صبح سویرے ایران پر حملہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔

اسرائیل نے ایران پر حملہ کر کے اقوام متحدہ کے چارٹرڈ اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی، اسرائیل کا یہ اقدام جنگی جرم ہے اس سے خطے کا امن خطرے میں پڑ گیا۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل مقبوضہ فلسطین سمیت دیگر مسلمان ممالک میں مظالم ڈھا رہا ہے، غزہ میں بچوں کو شہید کیا جا رہا ہے اور فلسطینیوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ یہ ایوان متفقہ طور پر امت مسلمہ بالخصوص ایران اور فلسطین کیخلاف اسرائیل کی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے اور اپنے مسلمان بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

بعد ازاں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے قرارداد کی ایوان سے منظوری لی۔ ایوان نے متفقہ طور پر قرارداد منظور کر لی۔ قبل ازیں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ایوان کو آگاہ کیا کہ وزارت خارجہ نے ایران پر اسرائیلی حملے کیخلاف مذمتی بیان جاری کیا ہے۔ انہوں نے وزارت خارجہ کا یہ بیان ایوان میں بھی پڑھ کر سنایا۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات