سابق نگران وزیر اعظم ملک معراج خالد کی برسی منائی گئی

جمعہ 13 جون 2025 14:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) سابق نگران وزیر اعظم ملک معراج خالد کی برسی جمعہ کو منائی گئی ۔ملک معراج خالد 20 ستمبر 1916ء کو ضلع قصور کے گاؤں کوٹ رادھا کشن میں پیدا ہوئے۔ وہ پیشے کے اعتبار سے وکیل تھے اور لاہور کے نواحی علاقے برکی کے ایک کاشکار خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ انھوں نے اپنی عملی سیاست کا آغاز 60 کی دہائی میں کیا ۔

معراج خالد پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے ابتدائی لوگوں میں شامل تھے اور پی پی کے ٹکٹ پر لاہور سے 1970ء کے انتخابات میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ اس وقت کے آئین کے مطابق ایک رکن قومی اسمبلی کو 6 ماہ کے لئے کسی صوبے کا وزیر اعلیٰ بھی منتخب کیا جا سکتا تھا، اس شق کے تحت وہ 6 ماہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھی رہے اور بعد ازاں انھیں وفاقی کابینہ میں وزیر زراعت بنا دیا گیا ۔

(جاری ہے)

معراج خالد تحریک بحالی جمہوریت میں بہت متحرک رہے اور انھوں نے متعدد بار جیل بھی کاٹی۔1988ء کے انتخابات کے بعد منتخب ہونے والی پیپلز پارٹی کی حکومت میں ملک معراج خالد نےسپیکر قومی اسمبلی کا منصب سنبھالا۔ملک معراج خالد نے لاہور کے دیہی علاقے میں متعدد سکول بھی قائم کئے، وہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے ریکٹر بھی رہے۔ 1996 ء میں انہیں نگران وزیر اعظم مقرر کیا گیا۔ ملک معراج خالد ایک سادہ انسان تھے،نگراں وزیر اعظم بننے کے بعد انھوں نے وی آئی پی کلچر کے تحت ملنے والی مراعات کو ختم کرنے کی کوشش کی اور ایئرپورٹ پر عام مسافروں کے راستے کو استعمال کرنا شروع کیا۔ملک معراج خالد 13 جون، 2003ء کو لاہور میں انتقال کر گئے