پنجاب اسمبلی میں کوآپریٹو سوسائٹیز ایکٹ 2025 کثرت رائے سے منظور

جمعہ 13 جون 2025 22:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2025ء) پنجاب اسمبلی نے کوآپریٹو سوسائٹیز کے تصفیے سے متعلق نیا قانون "پنجاب کوآپریٹو سوسائٹیز ایکٹ 2025" کثرت رائے سے منظور کر لیا ہے۔ اس ایکٹ کے تحت 1993 کا غیرمطلوبہ کوآپریٹو سوسائٹیز ڈیزولوشن ایکٹ باقاعدہ طور پر منسوخ کر دیا جائے گا۔یہ بل گزشتہ روز اسمبلی اجلاس میں پیش کیا گیا تھا، جسے منظوری کے بعد گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے توثیق کے لیے بھجوایا جائے گا۔

(جاری ہے)

حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پی سی بی ایل کو تحلیل کرنے کے لیے اس بل کو اسمبلی میں پیش کیا۔ بل کے متن کے مطابق، کوآپریٹو سوسائٹیز کے تصفیے میں تاخیر کے خاتمے کے لیے نئی قانون سازی کی گئی ہے۔مسودے کی منظوری کے بعد پنجاب حکومت تین سے چھ ماہ کے اندر متاثرہ ڈپازیٹرز کے کلیمز کو حل کرے گی۔ عدالتی کیسز کی وجہ سے پی سی بی ایل کی قیمتی جائیدادیں بروئے کار نہیں لائی جا سکتیں۔بل کے تحت لاہور میں ایک لیکوڈیشن ٹربیونل کے قیام کی بھی منظوری دی گئی ہے تاکہ قانونی و مالی رکاوٹوں کو جلد دور کیا جا سکے۔