Live Updates

mوفاقی بجٹ کسان دشمن، مکمل طور پر مسترد: مرکزی کسان لیگ

ں*سولر پینلز پر ٹیکس عائد کر کے کسان کی کمر توڑ دی گئی : ذوالفقار اولکھ، اشفاق ورک

جمعہ 13 جون 2025 20:25

<لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2025ء) مرکزی کسان لیگ نے وفاقی بجٹ کو کسان دشمن قرار دیتے ہوئے مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ مرکزی کسان لیگ کے چیئرمین چوہدری ذوالفقار علی اولکھ اور صدر اشفاق ورک نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ زرعی شعبہ جو پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اسے بجٹ میں مکمل طور پر نظر انداز کر کے قومی معیشت کے ساتھ سنگین ناانصافی کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں نہ کھاد پر سبسڈی دی گئی، نہ بیج یا بجلی پر کوئی ریلیف دیا گیا، اور نہ ہی کسی فصل کے لیے امدادی قیمت کے نظام کا اعلان کیا گیا۔ یہ سب اقدامات کسان کو معاشی تباہی کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہیں۔ سولر پینلز پر ٹیکس عائد کر کے کسان کی کمر توڑ دی گئی ہے، جبکہ گندم اور دیگر فصلوں کے لیے مناسب امدادی قیمت نہ ہونے کی وجہ سے کاشتکار پہلے ہی شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حالات میں کسان کے لیے اپنی فصل کی لاگت پوری کرنا بھی ممکن نہیں رہا۔ مقامی کپاس پر جی ایس ٹی کا خاتمہ نہ کرنا، کھاد اور بجلی کی قیمتوں میں کمی نہ کرنا، اور کسان کو کھلی منڈی کے رحم و کرم پر چھوڑ دینا سراسر زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پرانا امدادی قیمت کا نظام تو ختم کر دیا لیکن اس کی جگہ کوئی شفاف اور قابلِ عمل متبادل نظام متعارف نہیں کرایا، جس سے کسان کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ گزشتہ مالی سال میں زرعی ترقی کی شرح صرف 0.5 فیصد رہی، جو کہ حکومت کی ناکام زرعی پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔اگر کسان کو گندم کی مناسب قیمت مل جاتی تو دیگر فصلوں پر بھی اس کے مثبت اثرات پڑتے، لیکن بدقسمتی سے حکومتی پالیسیوں کا سارا بوجھ کسان پر ڈال دیا گیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر زرعی پالیسی پر ازسرِ نو نظر ثانی کی جائے۔

کسان کو اس کی فصل کا جائز اور منافع بخش معاوضہ دیا جائے۔ کھاد، بجلی، بیج اور دیگر زرعی ان پٹس پر سبسڈی بحال کی جائے۔سولر پینلز پر عائد ٹیکس فوری طور پر واپس لیا جائے۔امدادی قیمت کے نظام کو شفاف اور موثر انداز میں بحال کیا جائے۔مرکزی کسان لیگ نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے ان مطالبات کو سنجیدگی سے نہ لیا تو ملک کو آئندہ چند ماہ میں غذائی بحران کا سامنا ہو سکتا ہے، جس کے اثرات پورے معاشی نظام کو جھنجھوڑ کر رکھ دیں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات