ہمارا اتحاد ہی دشمن کے عزائم کو خاک میں ملائے گا،علماء ومشائخ سرگودھا

چاروں اضلاع میں قیام عمل کے لئے تمام مکاتب فکر اور اقلیت سے رابطہ مہم کا آغاز کر دیا ہے

ہفتہ 14 جون 2025 16:33

سرگودہا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء)علما مشائخ ونگ مسلم لیگ ن سرگودھا ڈویژن نے ملک میں پائیدار امن کے قیام، فرقہ واریت کے خاتمے اور اتحادِ امت کے فروغ کے محرم الحرام میں مکمل اخوت و بھائی چارے کا عزم کرتے ہوئے امن کاروں تشکیل دے دیا جو تمام مجالس و جلوس کے ساتھ چلتے ہوئے کسی ھی تنازعہ کو مکمل یکجہتی سے حل کروائے گا اور چاروں اضلاع میں قیام عمل کے لئے تمام مکاتب فکر اور اقلیت سے رابطہ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

زرائع کے مطابق علما مشائخ ونگ مسلم لیگ ن سرگودھا ڈویژن کے اجلاس میں صدر سید عرفان رسول شاہ،جنرل سیکرٹری ملک ضیا الحق،سیکرٹری اطلاعات شیخ نعیم طاہر اور دیگر نے کہا کہ یہ شہر اور ملک ہمارا ہے جس کا امن ہمیں اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے اس لئے محرم الحرام میں قیام امن اور تمام مکاتب فکر و اقلیت میں ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کیلئے گزشتہ سال کا امن کاروں رواں سال بھی بھرپور کردار ادا کرئے گا جو مجالس و جلوس میں چلتے ہوئے کسی بھی تنازعہ کو مکمل یکجہتی سے حل کروائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں علماکرام منبر و محراب سے ہمیشہ محبت، برداشت اور رواداری کا درس دیتے ہیں اور محرم الحرام میں قیام امن اور بھائی چارے کو فروغ دیں گے جس کے لئے ڈویژن کے چاروں اضلاع میں تمام مکاتب فکر اور اقلیت سے رابطہ مہم شروع کی جا رہی ہے۔انہوں نے تمام منتظمین جلوس و مجالس پر زور دیا کہ ایس او پیز کا خیال رکھیں اور انتظامیہ کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھیں تاکہ فضا کو پرامن اور بھائی چارے سے بھرپور رکھا جا سکے۔

علما و مشائخ نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کی بھرپور مذمت کی اور کہا کہ دشمن قوتیں اسلامی دنیا کو کمزور کرنا چاہتی ہیں اس لئے ہمیں آپس میں متحد رہنا ہوگا کیونکہ ہمارا اتحاد ہی دشمن کے عزائم کو خاک میں ملائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں منبر و محراب سے اتحاد، برداشت، اور بین المسالک ہم آہنگی کا پیغام پہلے سے زیادہ موثر طریقے سے دینا ہوگا۔ اجلاس میں تمام مکاتب فکر نے پرامن محرم الحرام کے انعقاد کو یقینی بنانے کا عزم کیا۔آخر میں ملک و ملت کی سلامتی، قومی یکجہتی، امت مسلمہ کے اتحاد اور دشمنانِ اسلام کے خلاف فتح و نصرت کے لیے دعا کی گئی-