اسرائیل کا تہران میں رہائشی کمپلیکس پر حملہ، 20 بچوں سمیت 60 افراد جاں بحق

تہران کے ایک مصروف اور گنجان آباد علاقے میں فضائی حملہ کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 14 جون 2025 15:00

اسرائیل کا تہران میں رہائشی کمپلیکس پر حملہ، 20 بچوں سمیت 60 افراد جاں ..
تہران ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جون 2025ء ) اسرائیل نے تہران میں رہائشی کمپلیکس پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 20 بچوں سمیت 60 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیل کی جانب سے تہران کے ایک مصروف اور گنجان آباد علاقے میں فضائی حملہ کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا، اس حملے کے فوری بعد ریسکیو ادارے موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا، تاہم متعدد افراد کے اب بھی ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام پر امریکہ کے ساتھ مذاکرات بے معنی ہوچکے ہیں کیوں کہ واشنگٹن اسرائیلی جارحیت کی حمایت کر رہا ہے، امریکہ نے ایسا رویہ اختیار کیا ہے جس سے بات چیت بے معنی ہو گئی ہے، آپ ایک طرف مذاکرات کا دعویٰ اور دوسری طرف صہیونی حکومت کو ایران کی سرزمین کو نشانہ بنانے کی اجازت دیں، یہ ایک ساتھ نہیں ہوسکتا، اسرائیلی حکومت سفارتی عمل پر اثر انداز ہونے میں کامیاب ہوگئی اور یہ حملہ واشنگٹن کی اجازت کے بغیر ممکن نہیں تھا۔

(جاری ہے)

اسی طرح نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں ایرانی مندوب نے کہا کہ اسرائیل نے امریکہ کی انٹیلی جنس مدد سے ایران کے مختلف علاقوں پرحملے کیے، ان حملوں میں نا صرف نیوکلیئر تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا بلکہ سویلین انفراسٹرکچر اور رہائشی علاقوں پر بھی بمباری کی گئی، اسرائیلی جارحیت میں ایران کے سینئر فوجی افسران سمیت 78 شہری شہید اور 320 سے زائد زخمی ہوئے، اسرائیل نے عالمی قوانین، جنیوا کنونشن اور اقوام متحدہ کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی کی، عالمی برادری فوری طور پر اسرائیلی اقدامات کا نوٹس لے۔