Live Updates

رنچھوڑ لائن چوک میں گندگی، تجاوزات اور سیوریج کی صورتحال تشویشناک ہے،عبد الوحید یونس

خواتین خریداروں کو شدید مشکلات کا سامنا، دکاندار اور مارکیٹ ایسوسی ایشن کردار ادا کریں، مطالبہ

ہفتہ 14 جون 2025 19:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء) جمعیت علمائے پاکستان کے سینئر رہنما عبد الوحید یونس نے رنچھوڑ لائن عباسی چوک میں گندگی، سیوریج کے بہتے پانی، رکشہ ڈرائیوروں، پتھارہ مافیا، کباڑیوں، اور فٹ پاتھ پر قابض دکانداروں کے باعث عوام کو، خصوصاً خواتین خریداروں کو، درپیش شدید مشکلات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ رنچھوڑ لائن وہ علاقہ ہے جہاں خواتین روزمرہ کی ضروری اشیاء کی خریداری کے لیے آتی ہیں، لیکن موجودہ صورتحال کے باعث یہاں سڑک پار کرنا تو دور کی بات، پیدل گزرنا بھی محال ہو چکا ہے۔

سڑکوں پر بہتا ہوا سیوریج کا پانی، بے ہنگم رکشے، غیر قانونی پتھارے، دکانداروں کا فٹ پاتھ پر قبضہ اور دکانوں کے سن شیڈز سے لٹکتے جوتے و دیگر سامان خریداروں کے لیے سخت کوفت اور پریشانی کا باعث بن رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ رنچھوڑ لائن چوک کو رکشوں، پتھاروں اور فٹ پاتھ پر قابض دکانداروں سے فوری طور پر پاک کیا جائے۔

دکانوں کے باہر سن شیڈز سے لٹکایا گیا سامان فوراً ہٹایا جائے تاکہ راہگیروں اور خریداروں کو سر اور منہ پر لگنے والے ان اشیاء سے محفوظ رکھا جا سکے۔عبد الوحید یونس نے زور دیا کہ چوک پر بہنے والی گٹروں کی صفائی کی جائے اور سیوریج کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے مارکیٹ ایسوسی ایشن اور دکانداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس صورتحال کے سدباب کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔

اگر خریداروں کو سہولیات فراہم نہیں کی گئیں تو وہ مجبوراً بڑے شاپنگ مالز کا رخ کریں گے، جس کا نقصان یہاں کے دکانداروں کو اٹھانا پڑے گا۔تاجر رہنماؤں حاجی اسلم آرائیں، شاہد سوجیلا، الطاف سومرو اور دیگر سے گفتگو کرتے ہوئے عبد الوحید یونس نے کہا کہ بازار کی موجودہ صورتحال صرف انتظامیہ کی غفلت کا نتیجہ نہیں بلکہ دکانداروں اور مارکیٹ ایسوسی ایشن کی عدم دلچسپی بھی اس میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ خریدار یہاں واپس آئیں تو ہمیں فوری طور پر صفائی، آمد و رفت، اور راہگیروں کے لیے سہولت پیدا کرنے کے اقدامات کرنا ہوں گے۔تاجر رہنماؤں نے بھی عبد الوحید یونس کے خدشات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ بازار کی بہتری ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، اور وہ اس حوالے سے عملی اقدامات کے لیے تیار ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات