Live Updates

عالمی یوم عطیاتِ خون: خدمتِ خلق سب کا فریضہ ہے، کاشف حیدری

تھیلیسیمیا و کینسر کے مریضوں کو خون کی اشد ضرورت ہوتی، عطیات میں اضافہ کیا جائے، گفتگو

ہفتہ 14 جون 2025 19:28

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جون2025ء) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صوبائی ترجمان کاشف حیدری نے کہا ہے کہ خون کا عطیہ دینا ایک مقدس اور انسان دوست عمل ہے، جو نہ صرف کسی فرد کی جان بچاتا ہے بلکہ معاشرے میں ایثار، ہمدردی اور بھائی چارے کو فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خون کی بروقت فراہمی سینکڑوں مریضوں کے لیے زندگی کی کرن ثابت ہو سکتی ہے، لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں عطیاتِ خون سے متعلق شعور اور رضاکارانہ جذبے کی شدید کمی ہے۔

یہ بات انہوں نے عالمی یوم عطیاتِ خون کے موقع پر اپنے جاری کردہ خصوصی پیغام میں کہی۔ اس سے قبل انہوں نے سید الشہداء ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام عالمی یوم عطیاتِ خون کے موقع پر لگائے گئے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا دورہ کیا، منتظمین سے ملاقات کی اور خود بھی خون کا عطیہ دیا۔

(جاری ہے)

کاشف حیدری نے کہا کہ انسانی جان بچانا عبادت سے کم نہیں اور خون دینا ایسا عمل ہے جو براہِ راست کسی کی زندگی بچانے میں مدد دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال لاکھوں مریض، خصوصاً تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا، کینسر اور زچگی کے کیسز میں مبتلا خواتین، خون کی کمی کا شکار ہوتے ہیں اور ان کے لیے خون کا عطیہ زندگی اور موت کے درمیان ایک پل کا کام کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سید الشہداء ویلفیئر سوسائٹی جیسے ادارے معاشرے میں خاموشی سے انسانیت کی خدمت انجام دے رہے ہیں، جو لائق تحسین ہے۔

کاشف حیدری نے کہا کہ اس ادارے نے نہ صرف بلڈ ڈونیشن کیمپ قائم کیا بلکہ شعور بیدار کرنے کی مہم میں بھی مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری سمیت تمام طبقات کو چاہیے کہ وہ ایسے اداروں کے ساتھ تعاون کو اپنا قومی و اخلاقی فرض سمجھیں۔ صوبائی ترجمان نے کہا کہ نوجوان نسل ملک کا قیمتی سرمایہ ہے، ان میں خون عطیہ کرنے کا شعور بیدار کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے تجویز دی کہ تعلیمی اداروں، مساجد، بازاروں اور دفاتر میں آگاہی مہمات چلائی جائیں تاکہ ہر فرد یہ سمجھے کہ خون عطیہ کرنے سے کوئی نقصان نہیں ہوتا بلکہ کسی کی جان بچائی جا سکتی ہے۔ کاشف حیدری نے کہا کہ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان ہمیشہ انسانی خدمت کی ہر کوشش میں پیش پیش رہی ہے اور مستقبل میں بھی ایسی فلاحی سرگرمیوں میں بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ آخر میں انہوں نے تمام رضاکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خون دینے والے افراد حقیقی ہیرو ہیں، جن کی بدولت کئی خاندان اجڑنے سے بچ جاتے ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات