عمرایوب خان تھانہ سٹی حسن ابدال کے ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ میں شامل تفتیش ہو گئے

ہفتہ 14 جون 2025 19:36

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جون2025ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب خان تھانہ سٹی حسن ابدال کے ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ میں شامل تفتیش ہو گئے انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی عدالت نے عمر ایوب کو مقدمہ میں شامل تفتیش ہونے کا حکم جاری کیا تھا جس پر عمر ایوب نے اپنے وکیل کے ذریعے مقدمہ کے تفتیشی افسر سب انسپکٹر راشد کو اپنا تحریری بیان جمع کرادیا گزشتہ روز 9 مئی کے مقدمات کی سماعت کے موقع پر عدالت کے احاطے میں عمر ایوب کی وکیل کی جانب سے تفتیشی افسر کو دئیے گئے تحریری بیان میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وہ ایک سیاسی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور اس وقت ان کے خلاف 90 سے زائد بے بنیاد مقدمات درج ہیں جن میں وہ عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں بیان میں کہا گیا ہے کہ میرے خلاف مذکورہ مقدمہ من گھڑت اور جھوٹ پر مبنی ہے میں پرامن احتجاج پر یقین رکھتا ہوں اور کسی قسم کے گھیراؤ جلاؤ میں شامل نہیں ہوں اور مکمل طور پر بے گناہ ہوں یاد رہے کہ تھانہ سٹی حسن ابدال پولیس نے تحریک انصاف کے 24 نومبر کے احتجاج میں انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا جس میں جلاؤ گھیراؤ، ہنگامہ آرائی، پولیس مزاحمت اور املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات تھے اس مقدمہ میں عمر ایوب کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔