Live Updates

اسرائیل پر کامیاب حملوں کے بعد ایران میں جشن کا سماں،ایرانی عوام جشن منانے سڑکوں پر نکل آگئے

ہفتہ 14 جون 2025 22:25

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء)ایران کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کے جواب تل ابیب سمیت عزرائیل کے دیگر مقامات پر کامیاب میزائل حملوں کے بعد ایرانی عوام جشن منانے سڑکوں پر نکل آگئے۔ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے وعدہ صادق 3 آپریشن کے تحت 13 اور 14 جون کی درمیان شب اسرائیل کے مختلف مقامات پر میزائل حملے کیے۔

ایرانی حملوں میں اسرائیل کی متعدد عمارتیں تباہ ہوگئیں ،خاتون سمیت کم از کم 5 اسرائیلی شہری ہلاک اور 80 سے زائد زخمی ہوگئے۔ایرانی حملوں سے قبل 13 جون کو اسرائیل نے جارحیت کرتے ہوئے تہران سمیت دیگر مقامات پر حملے کرکے ایرانی آرمی چیف سمیت 4 اعلیٰ فوجی عہدیدار اور 6 سائنسدان شہید کردیے تھے۔ایران کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کا جواب دیے جانے اور اسرائیلی مقامات کو کامیابی سے نشانہ بنانے پر ایرانی عوام جشن منانے کے لیے سڑکوں پر نکل آیا اور وطن سے محبت کے نعرے بھی لگائے۔

(جاری ہے)

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق اسرائیل پر کامیاب حملوں کے بعد تہران سمیت ایران کے دیگر شہروں میں عوام سڑکوں پر نکل آئے اور اسرائیل کے خلاف سخت نعرے بازی بھی کی،ایرانی عوام نے وطن اور فوج کی حمایت میں نعرے بھی لگائے اور صیہیونی ریاست کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ایرانی عوام کی جانب سے اسرائیل پر حملوں کے بعد جشن منانے کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں اور دنیا بھر کے عوام نے بھی ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔اسرائیل پر ایرانی حملوں کے بعد خصوصی طور پر مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک کے افراد نے بھی جشن منایا اور عوام سڑکوں پر نکل آئے، ساتھ ہی سوشل میڈیا پر بھی عرب ممالک کے عوام ایرانیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے دکھائی دیے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات