۵کراچی روٹ پر شام کے اوقات میں آمد و رفت بند کرنے سے زمینداروں کو شدید مشکلات کا سامناہے، نواب اسلم رئیسانی

ہفتہ 14 جون 2025 21:45

eکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جون2025ء) چیمبر آف ایگری کلچر بلوچستان کے صدر سابق وزیراعلی بلوچستان نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے کہا ہے کہ صوبے کے مختلف روٹس پرشام پانچ بجے سے صبح چھ بجے تک آمد و رفت بند کیے جانے سے زمینداروں، کاشت کاروں، پھلوں اور سبزیوں کے کاروبار سے منسلک محنت کشوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،حکومت اس سلسلے میں اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں نواب محمدا سلم خان رئیسانی نے مزید کہا ہے کہ کولپور سے ڈیرہ اللہ یار، لورالائی سے ڈیرہ غازی خان اور لکپاس سے لے کر کراچی روٹس پر شام پانچ بجے سے صبح چھ بجے تک آمد و رفت بند کیے جانے سے زمینداروں، کاشت کاروں، پھلوں اور سبزیوں کے کاروبار سے منسلک محنت کشوں کو شدید مشکلات کا سامنا اور مالی نقصانات اٹھانا پڑرہے ہیں، نہ صرف ان کا مال ملک کے دوسرئے شہروں تک بروقت نہیں پہنچ رہا بلکہ راستے میں خراب ہورہا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرکے کم از کم تازہ فروٹ اور سبزیوں کی بروقت دیگر منڈیوں تک رسائی کو ممکن بنائے اور ان اشیا کے نقل و حمل میں کوئی رکاوٹ حائل نہ کی جائے۔