Live Updates

وزیر مملکت مبارک زیب خان کا ترقیاتی کام جاری رکھنے کا عزم ظاہر

اتوار 15 جون 2025 00:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2025ء) وزیر مملکت مبارک زیب خان نے پسماندہ علاقوں کی ترقی کے مخالف عناصر کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے بزدلانہ حملے انہیں عوام کی خدمت سے روک نہیں سکیں گے۔ ان کا یہ بیان باجوڑ میں ان کے گھر راکٹ حملے کے بعد سامنے آیا جس میں کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا، تاہم اس واقعے نے خطے میں دہشت گرد خطرات کے ازسرنو ابھرنے کے خدشات بڑھا دیئے ہیں۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ ایک ماہ میں دوسرا حملہ ہے، جبکہ گزشتہ ماہ 14 مئی کو ہونے والے حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے قبول کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ تازہ راکٹ حملے میں بھی ٹی ٹی پی کے طریقہ کار کی جھلک نظر آتی ہے، خاص طور پر حالیہ دنوں میں بین الاقوامی نمبروں سے ملنے والے دھمکی آمیز کالز اور پیغامات کے تناظر میں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ پاک افغان بارڈر کے قریب کسی کالعدم تنظیم کی مقامی عناصر کی حمایت سے ملوث ہونے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔ حملوں کی ممکنہ وجوہات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مبارک زیب خان عوامی خدمت کے حوالے سے معروف ہیں اور خطے کی ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایسے حملوں میں ملوث عناصر واضح طور پر ترقیاتی کاموں کے مخالف ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ انہوں نے بین الاقوامی نمبرز سے ہم سے رابطہ کر کے ترقیاتی کام روکنے کی دھمکیاں دیں، لیکن ہم ڈرنے والے نہیں۔ باجوڑ کی ترقی کا سلسلہ رکے گا نہیں۔ اپنے عزم کی تجدید کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم نے ماضی میں ایسے عناصر کا مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے۔ ہم اس خطے کے عوام کی خدمت کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات