علی امین گنداپور کا حالیہ بیان غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز ہے،امیر مقام

ہمیں معاشی اور قومی استحکام کیلئے متحد ہونے کی ضرورت ہے،وفاقی وزیر امور کشمیر

اتوار 15 جون 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2025ء)وفاقی وزیر برائے امور کشمیرو گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنداپور کے حالیہ بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے ’’غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز‘‘قرار دیا ہے۔ہفتہ کے روز جاری کردہ ایک بیان میں انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعلی علی امین گنڈاپورکے بیانات نہ صرف ان کے سرکاری عہدے کا صریحا غلط استعمال ہیں بلکہ یہ معصوم کارکنوں کو بدامنی پر اکسانے کے مترادف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کو استحکام اور ترقی کی طرف لے جانے کے بجائے وزیراعلی ایک بار پھر انتشار اور تشدد کی راہ دکھا رہے ہیں اور حسب معمول کارکنوں کو تنہا چھوڑ کر بھاگ جائے گا۔

(جاری ہے)

انجینئرامیر مقام نے سوال اٹھایا کہ ایک وزیراعلی کس طرح کھلے عام کارکنوں کو ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے کا کہہ سکتا ہی انہوں نے کہا کہ یہ واضح طور پر خوف و ہراس پھیلانے اور ملک میں امن و امان کی صورتحال کو بگاڑنے کی کوشش ہیاوران کایہ بیان وزیراعلی کے عہدے کی توہین ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات ان عناصر کی اصل نیت ظاہر کرتے ہیں جو ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب وفاقی حکومت وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں معیشت کی بحالی اور عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اس لیے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں کیونکہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے ملک کو ایک بار پھر معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے، ان کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔انہوں نے عوام اور تمام سیاسی قیادت سے اپیل کی کہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کریں اور امن، ترقی اور قومی استحکام کے لیے متحد ہو کر کھڑے ہوں۔