کمشنر کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ،ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری لوکل گورنمنٹ سکیموں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ

پیر 16 جون 2025 16:18

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سرگودہا، خوشاب اور بھکر اضلاع میں روڈ سیکٹرز اور وزیراعلیٰ پنجاب کے خصوصی ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری لوکل گورنمنٹ سکیموں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ لوکل گورنمنٹ کے 251 ترقیاتی منصوبے زیر تکمیل ہیں، جن پر مجموعی طور پر 2 ارب 92 کروڑ 26 لاکھ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔

ان میں سرگودہا کی 231، خوشاب کی 17 اور بھکر کی 3 سکیمیں شامل ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ تمام سکیمیں تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں اور انہیں 30 جون تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ روڈ سیکٹر سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع خوشاب میں 26 ارب 31 کروڑ روپے تخمینہ لاگت کی 49 سکیموں اور ضلع سرگودہا میں 40 ارب 50 کروڑ روپے مالیت کی 43 سکیموں پر کام تیزی سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

کمشنر سرگودہا نے ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی کام میں کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں کی ایک ایک پائی کو شفاف اور ذمہ دارانہ انداز میں استعمال یقینی بنایا جائے۔ کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بعض سکیموں کے کوالٹی ٹیسٹ فوری طور پر مکمل کر کے رپورٹ پیش کی جائے اور واضح کیا کہ وہ خود بھی جلد بعض منصوبوں کا موقع پر جا کر معائنہ کریں گے تاکہ کام کی رفتار اور معیار کا براہ راست جائزہ لیا جا سکے۔

اجلاس میں روڈ سیکٹر منصوبوں کے دستیاب اور خرچ شدہ فنڈز کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، ایس ای ہائی ویز رانا عابد، ایکسین لوکل گورنمنٹ ناصر میکن، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہد عمران سمیت سرگودہا، خوشاب اور بھکر کے ڈپٹی ڈائریکٹرز ڈویلپمنٹ اور ایکسین ہائی ویز نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :