پاکستان ریلوے نے 12 سال بعد سیالکوٹ ایکسپریس بحال کر دی،وزیر مملکت برائے منصوبہ بندی و ترقی نے فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا

پیر 16 جون 2025 16:19

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) وزیر مملکت برائے منصوبہ بندی و ترقی چوہدری ارمغان سبحانی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے نے 12 سال بعد سیالکوٹ سے لاہور جانے والی سیالکوٹ ایکسپریس بحال کر دی۔ ٹرین لاہور سے صبح 5 بجے روانہ ہوئی اور صبح 9 بجکر 45 منٹ پر سیالکوٹ ریلوے سٹیشن پہنچی۔ ٹرین کے سیالکوٹ پہنچنے پر وزیر مملکت چوہدری ارمغان سبحانی سمیت ریلوے حکام اور شہریوں کی بڑی تعداد نے استقبال کیا۔

(جاری ہے)

ٹرین 15 منٹ رکنے کے بعد وزیرآباد کے لیے روانہ ہوگئی، ٹرین کی روانگی کا وزیر مملکت ارمغان سبحانی نے فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت چوہدری ارمغان سبحانی نے کہا کہ وقت اور کرائے کے لحاظ سے متوسط طبقے کو ٹرین کا سفر موزوں رہے گا اور کم کرائے پر مزدور سفر کر سکیں گے۔ ٹرین ٹوٹل 7 ڈبوں پر مشتمل ہے جس میں 700 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی۔ اس موقع پر سٹیشن ماسٹر سیالکوٹ سعید اکبر نے کہا کہ ٹرین سیالکوٹ سے لاہور 148 کلو میٹر کا فاصلہ ساڑھے 4 گھنٹے میں طے کرے گی، ٹرین شاہدرہ، نارنگ منڈی، بدو ملہی، نارووال اور پسرور سے ہوتی ہوئی سیالکوٹ پہنچے گی۔