ایرانی عدالت کا بڑا فیصلہ‘ موساد ایجنٹ کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا

پیر 16 جون 2025 21:59

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جون2025ء)ایرانی عدلیہ سے منسلک خبر رساں ایجنسی ''میزان آن لائن'' کے مطابق اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے کام کرنے والے ایک مبینہ جاسوس کو پھانسی دے دی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق اسماعیل فکری نامی شخص کو خفیہ اور حساس معلومات دشمنوں تک پہنچانے کے جرم میں سزائے موت سنائی گئی تھی، جس کی تصدیق ایران کی سپریم کورٹ نے بھی کی تھی۔

(جاری ہے)

میزان آن لائن کا کہنا ہے کہ اسماعیل فکری دسمبر 2023 میں گرفتار کیا گیا تھا، اور تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ وہ دو موساد افسران سے براہ راست رابطے میں تھا۔عدلیہ کے مطابق یہ ''اسرائیل کی خفیہ نیٹ ورک کے لیے ایک بڑا انٹیلیجنس دھچکا'' ہے۔حکام نے اس پھانسی کو ایرانی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا ہے، اور دعویٰ کیا ہے کہ دشمن ممالک کی خفیہ سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں ناکام بنایا جا رہا ہے۔