شہدائے ماڈل ٹائون کی 11ویں برسی کل 17جون منائی جائے گی

پاکستان عوامی تحریک کے قائدین شام 5 بجے پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے

پیر 16 جون 2025 22:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جون2025ء) شہدائے ماڈل ٹائون کی 11ویں برسی کل 17جون 2025ء (منگل) منائی جائے گی۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور و دیگر مرکزی قائدین شام 5بجے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں قائم یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائیں گے اور اہم پریس کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے۔ تمام تنظیمات 17جون کو شہدائے ماڈل ٹائون کی قبروں پر حاضری دیں گی، پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی اس کے علاوہ شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے ایصال ثواب کی دعائیہ محافل منعقد کی جائیں گی۔

سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ اس وقت سانحہ ماڈل ٹائون کے تمام کیسز عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔ ہم احتجاج کریں تو کس کے خلاف کریں۔

(جاری ہے)

ہم عدالتوں سے استدعا ہی کر سکتے ہیں کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے تمام کیسز اور اپیلیں ترجیحاً سنی اور نمٹائی جائیں۔ بالخصوص سٹے آرڈر کا شکار جے آئی ٹی کو کام کرنے کی اجازت دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری چیف جسٹس سپریم کورٹ اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے استدعا ہے کہ وہ زیر التواء اپیلوں پر فیصلے کروائیں تاکہ انصاف کا عمل شروع ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیشہ قانون کے احترام کی تعلیم دی ہے اور ہم انصاف کے لئے اپنا قانونی حق استعمال کررہے ہیں۔ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور سے لیکر لاہور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ تک ہمارے وکلاء پیش ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے عدلیہ سانحہ ماڈل ٹائون کے مظلوموں کو انصاف دینے کے لئے ہماری اپیلوں پر ہمدردانہ غور کرے گی۔