Live Updates

سپیکر قومی اسمبلی سے رومانیہ کے سفیر کی ملاقات،دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی روابط اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال

دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی روابط مزید فعال بنانے سے دوطرفہ ہم آہنگی ،تعاون میں اضافہ ہوگا،سردار ایاز صادق

پیر 16 جون 2025 23:02

سپیکر قومی اسمبلی سے رومانیہ کے سفیر کی ملاقات،دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2025ء)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے رومانیہ کے سفیر ڈین اسٹونیسکو نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان اور رومانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں ہوئی، دونوں فریقین نے باہمی تعاون کے فروغ کے لیے عملی اقدامات پر اتفاق کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان رومانیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ، خوشگوار اور دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور رومانیہ کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔ اسپیکر نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی روابط کو مزید فعال بنانے سے دوطرفہ ہم آہنگی اور تعاون میں اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

اسپیکر قومی اسمبلی نے یاد دلایا کہ قومی اسمبلی آف پاکستان میں 2013 میں پاک-رومانیہ فرینڈشپ گروپ کا قیام عمل میں لایا گیا، جس کا مقصد دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان موثر اور نتیجہ خیز سفارتی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے اس گروپ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پلیٹ فارم دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی سطح پر روابط کو مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے دونوں ممالک کے مابین تعلیمی، تجارتی، صنعتی، اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، توانائی اور صنعتی ترقی کے شعبوں میں بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ اشتراک کو فروغ دے رہا ہے، جس میں رومانیہ کے ساتھ اشتراک کو بھی خصوصی اہمیت حاصل ہے۔

رومانیہ کے سفیر ڈین اسٹونیسکو نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی پاکستان-رومانیہ تعلقات سے متعلق مثبت سوچ اور جذبے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ رومانیہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سنجیدہ ہے۔سفیر نے کہا کہ رومانیہ پاکستان کے ساتھ پارلیمانی، تعلیمی، اور معاشی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے اور اس مقصد کے لیے مختلف سطحوں پر رابطوں کو مزید بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے پاکستان کی جانب سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔سفیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان براہ راست روابط کا فروغ نہ صرف باہمی تعلقات کو مستحکم کرے گا بلکہ خطے میں جمہوری اداروں کے کردار کو بھی تقویت دے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمانی سفارتکاری علاقائی امن، استحکام، اور ترقی کے لیے مثبت کردار ادا کر رہی ہے، اور رومانیہ اس سلسلے میں پاکستان کے تجربات سے سیکھنے اور اشتراک کے مواقع تلاش کرنے کا خواہاں ہے۔

ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین روابط کو مزید وسعت دی جائے گی اور مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ دونوں فریقین نے مستقبل میں اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفود کے تبادلے پر بھی آمادگی کا اظہار کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات