Live Updates

سیکرٹری خزانہ عمران زرکون ،سپیشل سیکرٹری خزانہ جہانگیر کاکڑ کا پرنٹنگ پریس کا دورہ

بجٹ سے متعلق تمام مراحل بروقت اور انتہائی درستگی کے ساتھ مکمل کیے جائیں،ہدایت

پیر 16 جون 2025 23:07

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2025ء)بلوچستان کے آئندہ مالی سال-26 2025 کے بجٹ کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اسی سلسلے میں صوبائی سیکرٹری خزانہ عمران زرکون اور اسپیشل سیکرٹری خزانہ جہانگیر کاکڑ نے گزشتہ روز صوبائی پرنٹنگ پریس کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے بجٹ دستاویزات کی چھپائی اور اس سے متعلق سیکیورٹی و دیگر اہم انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔

یہ دورہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ صوبائی حکومت 17 جون کو بجٹ پیش کرنے کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کر رہی ہے۔دورے کے دوران، پرنٹنگ پریس کے متعلقہ افسران نے سیکرٹری خزانہ کو بجٹ دستاویزات کی چھپائی کے عمل کی تفصیلات، سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات، اور مقررہ وقت پر کام کی تکمیل کے حوالے سے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں اس بات پر خصوصی توجہ دی گئی کہ بجٹ جیسے حساس دستاویز کی چھپائی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو اور تمام مراحل شفاف طریقے سے مکمل ہوں۔

سیکرٹری خزانہ عمران زرکون نے اس موقع پر زور دیا کہ بجٹ سے متعلق تمام مراحل بروقت اور انتہائی درستگی کے ساتھ مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ''بجٹ صوبے کی معاشی سمت کا تعین کرتا ہے، اور اس کی تیاری میں کسی بھی قسم کی غلطی یا تاخیر ناقابل برداشت ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ 17 جون کو ہونے والے بجٹ اجلاس کے دوران کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے اور صوبائی اسمبلی میں ایک مکمل اور جامع بجٹ پیش کیا جا سکے۔

''اسپیشل سیکرٹری خزانہ جہانگیر کاکڑ نے پرنٹنگ پریس کی پوری ٹیم کی کارکردگی اور سخت محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ محکمہ خزانہ کی ٹیم بھی بجٹ کی تیاری کے لیے دن رات مصروف عمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجٹ کی بروقت اور درست تیاری کے لیے تمام متعلقہ ادارے مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ بلوچستان کے عوام کے لیے ایک ترقیاتی اور فلاحی بجٹ پیش کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ بلوچستان کا سالانہ بجٹ آئندہ پیر، 17 جون کو صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ اس بجٹ سے صوبے کی ترقی، امن و امان کی صورتحال میں بہتری، اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے نئی اسکیمات اور اعلانات کی توقع کی جا رہی ہے۔ صوبائی حکومت اس بجٹ کو معیشت کو مستحکم کرنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے ایک اہم ذریعہ کے طور پر دیکھ رہی ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات