الخدمت کی جانب سے بدین کے بیروزگار اور مستحق افراد کو چھوٹے کاروبار شروع کرنے کے لئے ایک لاکھ روپے فی کس بلا سود قرضے فراہم کیے گئے

پیر 16 جون 2025 23:15

بدین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2025ء) الخدمت فائونڈیشن سندھ کے شعبہ اسلامک مائیکرو فنانس کے تحت ضلع بدین کے بیروزگار اور مستحق افراد کو چھوٹے کاروبار شروع کرنے کے لئے ایک لاکھ روپے فی کس بلا سود قرضے فراہم کیے گئے۔ ایوان صحافت ہال بدین میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں الخدمت فانڈیشن سندھ شعبہ اسلامک مائیکرو فنانس کے ڈائریکٹر عبدالرحمن فدا، امیر ضلع بدین انجینئرسیدعلی مردان شاہ گیلانی، صدر الخدمت غلام رسول احمدانی، ایچ یو جے کے مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر سینئر صحافی تنویراحمد آرائیں، صدر بدین پریس کلب شوکت میمن اور ایوان صحافت بدین کے صدر حاجی خالد محمود گھمن سمیت الخدمت کیریجنل و ضلعی ذمہ داران سمیت مختلف سیاسی سماجی علمی ادبی کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کاروبارکو منافع بخش بنانے کے حوالے سے تربیتی ورکشاپ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ ڈائریکٹر عبدالرحمن فدا نے مستحق بے روزگار افرادمیں چیک تقسیم کئے، ان کا کہناتھاکہ اسلامک مائیکرو فنانس کا مقصد معاشی طور پر کمزور افراد کو خود کفالت کی راہ پر گامزن کرنا ہے تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کرکے اپنی زندگی بہتر بناسکیں۔ واضح رہے کہ الخدمت اسلامک مائیکرو فنانس کی جانب سے ملک بھر میں بیروزگاروں کو بلاسود قرضے فراہم کیے جاتے ہیں جس سے لاکھوں بے روزگار افراد استفادہ حاصل کرکے اپنا باعزت روزگار شروع کرچکے ہیں۔