Live Updates

مذہبی اقلیتوں کے لیے 4 ارب روپے کا بجٹ،وزیراعلی کے بے مثال خلوص اور عملی محبت کا مظہر ہے۔ سردار رمیش سنگھ اروڑہ

پیر 16 جون 2025 23:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) صوبائی وزیر برائے اقلیتی اموررمیش سنگھ اروڑہ نے مالی سال 2025-26 کے لیے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی جانب سے 1240 ارب روپے کا تاریخی ترقیاتی بجٹ پیش کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ نہ صرف پنجاب کی ہمہ جہت ترقی کا روڈ میپ ہے بلکہ اقلیتوں، خواتین، مزدوروں، کسانوں، نوجوانوں اور پسماندہ طبقات کی فلاح کے لیے وزیراعلی کی عملی وابستگی اور وژن کا عکاس بھی ہے۔

سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ مذہبی اقلیتوں کے لیے 4 ارب روپے کا علیحدہ بجٹ رکھنا اور مینارٹی کارڈز کی مد میں 01 ارب روپے مختص کرنا ،اس بات کا ثبوت ہے کہ وزیراعلی پنجاب اقلیتوں کو ریاست کا برابر کا شہری سمجھتی ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیح مانتی ہیں تاہم مذہبی اقلیتوں کے لیے 4 ارب روپے کا بجٹ اسکالرشپس، سکل ڈیولپمنٹ، مذہبی مقامات کی بحالی اور بین المذاہب ہم آہنگی کی سرگرمیوں کے لیے مختص کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتی نوجوانوں کے لیے سول سروسز، پولیس اور دیگر شعبوں میں قابلیت کی بنیاد پر تربیتی پروگراموں کا آغاز کیا جائے گا تاہم پنجاب میں تمام بڑے اقلیتی مذہبی تہواروں پر خصوصی گرانٹس اور سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ ہولی، دیوالی، کرسمس، بیساکھی اور دیگر تہواروں پر فنڈز میں خاطر خواہ اضافہ خوش آئند قدم ہے۔

رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے انٹر فیتھ ہارمنی کونسل کو مزید فعال کیا جا رہا ہے جبکہ اقلیتی عبادت گاہوں کی مرمت و بحالی کے لیے خصوصی پیکیج بھی اس بجٹ میں شامل ہے۔ مزید برآں نچلی سطح پر اقلیتوں کی نمائندگی بڑھانے کے لیے اقلیتی کمیونٹی سنٹرز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ وزیراعلی پنجاب کا یہ بجٹ درحقیقت بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور مساوی حقوق کی اعلی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی پالیسی ہے کہ کوئی بھی شہری، مذہب، رنگ یا نسل کی بنیاد پر محروم نہیں رہے گا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات