پاکستان کے اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کی یورپین پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے خارجہ امور کے سربراہ ڈیوڈ میک ایلسٹر سے ملاقات

منگل 17 جون 2025 00:20

سٹراس برگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) پاکستان کے اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد نے یورپین پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے خارجہ امور کے سربراہ ڈیوڈ میک ایلسٹر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کی نازک صورت حال، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ طور پر معطلی سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

پیر کو جاری پریس ریلیز کے مطابق پارلیمانی وفد کی قیادت وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک کر رہے ہیں۔ ملاقات میں خطے میں قیام امن اور تنازعات سے بچاؤ کے موثر لائحہ عمل کی ضرورت پر بھی گفتگو کی گئی۔ وفد نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان علاقائی امن کو یقینی بنانے کیلئے موثر سفارت کاری اور مذاکراتی میکانزم کا حامی ہے۔ انہوں نے یورپی یونین پر زور دیا کہ وہ امن اور انصاف کو برقرار رکھنے والے کثیرالجہتی فریم ورک کی حمایت میں فعال کردار ادا کرے۔