Live Updates

اسرائیلی وزیراعظم کا ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای پر حملے کا عندیہ

اگر آیت اللہ علی خامنہ ای کو ہدف بنایا گیا تو یہ اقدام جنگ کو بڑھاوا نہیں دے گا بلکہ جنگ کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوگا؛ نیتن یاہو کا امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو

Sajid Ali ساجد علی منگل 17 جون 2025 10:53

اسرائیلی وزیراعظم کا ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای پر حملے ..
تل ابیب/نیو یارک ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جون 2025ء ) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای پر براہ راست حملے کا عندیہ دے دیا۔ امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے نیتن یاہو نے کہا کہ اگر آیت اللہ خامنہ ای کو ہدف بنایا گیا تو یہ اقدام جنگ کو بڑھاوا نہیں دے گا بلکہ جنگ کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوگا، ایران ہمیں جوہری جنگ کے دہانے پر لا چکا ہے، ہم وہی کر رہے ہیں جو ہمیں کرنا چاہیئے، اس جاری جنگ کا نتیجہ ایران میں موجودہ حکومت کے زوال کی صورت میں نکلے گا۔

اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ہمارے جنگی طیاروں کا تہران کی فضاؤں پر راج ہے، ایران کا جوہری اور میزائل پروگرام اسرائیل کے لیے مسلسل خطرہ ہے، اسرائیل تہران میں 2 اہم اہداف کا خاتمہ کرنے جارہا ہے، اس مقصد کے لیے کی جانے والی ہماری کارروائی بڑی ہوگی، اسرائیلی طیارے ایران کے اہم حکومتی اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں، تہران کے عوام فوری طور پر علاقہ چھوڑ دیں، ہم ایران میں صرف عسکری اور حکومتی اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں لیکن ایران ہمارے معصوم شہریوں پر حملے کرتا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف اقوام متحدہ میں ایران کے مندوب امیر سعید ایروانی نے جنرل اسمبلی میں خطاب کے دوران کہا کہ ایرانی قوم کبھی بھی اسرائیل کے خلاف دفاع میں پیچھے نہیں ہٹے گی، دشمن کو اس کے جرائم کی قیمت چکانی ہوگی کیوں کہ اسرائیل نے شہری آبادی، خواتین، بچوں، سائنسدانوں کو نشانہ بنایا، اسرائیل نے پرامن جوہری سائٹس پر حملے کیے جن میں بے شمارافراد جاں بحق ہوئے، اسرائیل کے یہ تمام اقدامات جنگی جرائم کے مترادف ہیں، ایران نے یواین چارٹر آرٹیکل 51 کے تحت مناسب جواب دیا، سلامتی کونسل اسرائیل کے جرائم کی مذمت اور فوری کارروائی کرے، ایران اپنا دفاع قانونی اور متوازن طریقے سے جاری رکھے گا، اسرائیلی حکومت سزا سے بچ نہیں پائے گی۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات