وزیراعلی پنجاب نے چوہدری برجیس طاہر کی سفارش پر ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی

سانگلہ ہل، شاہکوٹ اور واربرٹن میں سڑکوں کی تعمیر سیوریج پینے کا صاف پانی اور دیگر منصوبے شامل

منگل 17 جون 2025 14:21

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2025ء)وزیراعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے سابق گورنر و وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر کی سفارش پر حلقہ این اے 111، ضلع ننکانہ صاحب کے لیے اہم ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔ ان منصوبوں کا مقصد علاقے میں بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری اور عوامی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

چوہدری برجیس طاہر کی جانب سے وزیراعلی کو ارسال کردہ خط میں علاقے بھر میں سڑکوں کی خستہ حالی، پبلک ہیلتھ کے مسائل اور عوامی مشکلات کی نشان دہی کی گئی، جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے 2024-25 کے ترقیاتی بجٹ میں مختلف اسکیموں کو شامل کر لیا گیا۔منظور شدہ سڑکوں میں درج ذیل منصوبے شامل تھے جن میں پل نہر چرونڈ سے سانگلہ ہل کوٹ نکہ روڈ براستہ علی آباد، مہمندوالی، بدو ملہی،ننکانہ،شاہکوٹ روڈ سے 9 چک تک براستہ 8 چک،شاہکوٹ لاہور روڈ سے گاندران تک۔

(جاری ہے)

نظام پورہ، مولاں سنگھ، کوٹ نجابت، جرمانیاں تک رابطہ سڑک،شاہکوٹ،صفدرآباد روڈ سے کڑکن، کوٹ نجابت، سوڈیوال۔واربرٹن سے مصطفی آباد، دس مربع، فریدانہ پنواں سے ونوٹیان والی، پتھروالی تک اس کے ساتھ ساتھ وزیراعلی پنجاب نے واربرٹن، شاہکوٹ اور سانگلہ ہل کے لیے پبلک ہیلتھ اور شہری سہولیات کے منصوبوں کی بھی منظوری دی، جن میں سیوریج سسٹم، پی سی سی گلیوں کی تعمیر، صاف پانی کی فراہمی، واٹر فلٹریشن پلانٹس، پارکس اور اسٹیڈیمز کی تعمیر شامل ہیں۔

نواز شریف اسٹیڈیم سانگلہ ہل میں پینے کے پانی کی فراہمی، نالوں کی تعمیر اور تزئین و آرائش جیسے منصوبے بھی شامل ہیں۔شاہکوٹ کے لیے غوثیہ پارک، واٹر فلٹریشن اور سیوریج کے منصوبے جب کہ واربرٹن میں سڑکوں کی تعمیر، واٹر سپلائی اور دیگر منصوبے بھی منظور کیے گئے ہیں۔علاقہ مکینوں نے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب اور چوہدری برجیس طاہر کا شکریہ ادا کیا ہے اور ان اقدامات کو عوامی خدمت کی عمدہ مثال قرار دیا ہے۔