Live Updates

بلوچستان ،آئندہ مالی سال کے بجٹ میں محکمہ توانائی کیلئے ساڑھے 8 ارب روپے مختص

منگل 17 جون 2025 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2025ء)بلوچستان کے آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں محکمہ توانائی کیلئے مجموعی طور پرساڑھے 8 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ۔ منگل کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ توانائی حکومت بلوچستان کا عوام کی سماجی اور معاشی حالت بدلنے میں ہمیشہ سے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

جغرافیائی اعتبار سے بلوچستان تقریبا پاکستان کا نصف حصہ ہے۔ بکھری آبادی کے باعث توانائی کی سہولیات کی فراہمی کے لحاظ سے بلوچستان ایک پسماندہ صوبہ رہا ہے جن کی وجہ سے دٴْور دراز کے علاقوں کو قومی گرڈ اسٹیشن سے منسلک کرنا مشکل کام ہے۔ خوش قسمتی سے قدرت نے دیگر نعمتوں کے علاوہ بلوچستان کو متبادل توانائی کے ذرائع سے بھی نوازا ہے جو کہ بہتر منصوبہ بندی کی بدولت عوام کو کم خرچ تو انائی مہیا کرنے کا ذریعہ ثابت ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

توانائی کا شعبہ موجودہ صورت حال میں انتہائی اہم ہے جس نے زندگی کے تمام اہم شعبوں پر اپنے سنگین اثرات مرتب کئے ہیں۔ اس بحران کے خاتمے کے لئے ہماری حکومت ہر ممکن بہتر اقدامات کی کوشش کر رہی ہے۔ مالی سال 25-2024 میں محکمہ توانائی نے بلوچستان کے مختلف اضلاع جن میں چاغی ،صحبت پور، کوئٹہ، قلات اور خضدار شامل ہیں تقریباً 800 ملین روپے کی لاگت سے سولر اسٹریٹ لائٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

پاک چائنا اکنامک کوریڈور (CPEC) گرانٹ کے تحت 15,000 سولر ہوم سسٹم بلوچستان کے تمام اضلاع میں آبادی کے تناسب سے فراہم کیے جارہے ہیں جن میں سے 2819 گھروں کو سول سسٹم کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا اور باقی مندہ اسکیموں پر مزید کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے کے ایسے اسکول جو کہ قومی گرڈ سے غیر منسلک ہیں کو شمسی توانائی مہیا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

اس منصوبے کی تکمیل سے تعلیم کے مسائل کو بھی حل کرنے میں مدد ملے گی۔ اب تک 200 ہائی اسکولوں کو شمسی توانائی فراہم کی جس کی لاگت 300 ملین روپے ہے جو کہ تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ اسی طرح محکمہ توانائی نے 214 بنیادی مراکز صحت کو 372.00 ملین روپے کی لاگت سے شمسی توانائی فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ آنے والی مالی سال 26-2025 ترقیاتی مد میں اس شعبے کے لیے 7.8 ارب روپے جبکہ غیر ترقیاتی مد میں 72 کروڑ 78 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات