پیٹرول کی قلت اس حد تک بڑھ چکی لوگ اپنی باری کیلئے لڑنے پر مجبور ہیں ،مولانا حافظ حسین احمد شرودی

منگل 17 جون 2025 21:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2025ء) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا حافظ حسین احمد شرودی ،حاجی عبدالصادق نورزئی، مولانا شاہ محمد، سید حاجی عبدالواحد آغا مولانا محمد ساسولی مولانا محمد ہاشم خیشکی مولانا حفیظ اللہ ضلعی سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد طاہر توحیدی معاون سیکرٹری اطلاعات مولانا مفتی نیک محمد فاروقی رحیم الدین ایڈووکیٹ نعمت افغان چوہدری محمد عاطف مولانا ضیاء الرحمن فاروقی اللہ دوست ایڈوکیٹ ٹکری محمد لانگو و دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ کہ ہزار گنجی کے ایک پیٹرول پمپ پر پیٹرول لینے کے لیے لائن میں لگنے کے تنازع پر ہونے والی لڑائی کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور تین افراد زخمی ہو گئے۔

جمیعت علماء اسلام نے اس واقعے کو صوبے میں پیٹرول کے سنگین بحران کی واضح مثال قرار دیا ہے اور اس پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے انہوں نے کہا کہ جمیعت علماء اسلام کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قلت اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ لوگ اپنی باری کے لیے لڑنے جھگڑنے پر مجبور ہیں اور اب یہ صورتحال قتل و غارت گری تک پہنچ گئی ہے۔

(جاری ہے)

ایسے حالات میں، بلوچستان حکومت کے ترجمان کا یہ بیان کہ پیٹرول کا کوئی بحران نہیں اور یہ صرف ایرانی پیٹرول کے کاروبار سے وابستہ سمگلرز کی پھیلائی ہوئی افواہیں ہیں، کو جمیعت علماء اسلام نے "انتہائی شرمناک اور بے حسی کی انتہا" قرار دیا ہے انہوں نے کہا کہ جمیعت علماء اسلام ضلع کوئٹہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر پیٹرول کے بحران کو تسلیم کرے اور اس کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔

جمیعت علماء اسلام نے زور دیا ہے کہ محض بیانات اور افواہوں کا الزام لگانے سے زمینی حقائق تبدیل نہیں ہوں جمعیت علماء اسلام ضلع کویٹہ نے عوام کو پیٹرول کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ایسے دلخراش واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں ۔