چیف کمشنر ایل ٹی او لاہور نے ٹیکسٹائل صنعت کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرا دی

منگل 17 جون 2025 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) چیف کمشنر ایل ٹی او لاہورسجاد تسلیم اعظم نے اپٹما کے اراکین کو یقین دلایا ہے کہ ٹیکسٹائل صنعت سے متعلق سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس ریفنڈز، مخر شدہ کلیمز، واجبات کے خلاف ریفنڈز کی ایڈجسٹمنٹ اور استثنیٰ سرٹیفکیٹس کے فوری اجرا جیسے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔وہ منگل کے روز اپٹما کے دورے کے دوران اراکین سے خطاب کر رہے تھے۔

ان کے ہمراہ کمشنر ایل ٹی او لاہور خلیق فاروق میاں بھی موجود تھے۔چیئرمین اپٹما کامران ارشد، چیئرمین نارتھ اسد شفیع،ہارون الٰہی، محمد علی، سفیان اختر اور سیکرٹری جنرل رضا باقر نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ چین سٹور ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سرکردہ اراکین جن میں پیٹرن ان چیف رانا طارق محبوب، سینئر وائس چیئرمین احسن محمود، اور ماریا بی کے واسف سکندر شامل تھے، بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیف کمشنر نے کہا کہ ایف بی آر نے بڑے ٹیکس دہندگان کے مسائل کے حل کے لیے ایل ٹی اوز قائم کیے ہیں اور ان کے ریونیو میں کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے رواں سال اربوں روپے کے ریفنڈز جاری کیے ہیں، جن میں مخر شدہ کلیمز بھی شامل ہیں، حالانکہ ٹیکس اہداف میں کمی کا سامنا ہے۔ انہوں نے اپٹما سے ان اراکین کی فہرست طلب کی جنہیں ابھی تک ریفنڈز موصول نہیں ہوئے تاکہ ان کے کلیمز کو فوری طور پر نمٹایا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ ایف بی آر پہلے ہی انٹر-ٹیکس ایڈجسٹمنٹ پر کام کر رہا ہے تاکہ ٹیکس دہندگان کو سہولت دی جا سکے۔ انہوں نے برآمد کنندگان کے ٹیکس مسائل کے حل کے لیے عملے کی کمی کا مسئلہ حل کرنے کا وعدہ کیا اور سیلز ٹیکس ریفنڈ سسٹم کی بہتری کے لیے تجاویز بھی طلب کیں۔چیف کمشنر نے چین سٹورز کے کردار کو سراہا اور کہا کہ ٹیئر-ون ریٹیلرز ایف بی آر-پی او ایس سسٹم سے 2018 سے منسلک ہیں اور مکمل ٹیکس کمپلائنس میں ہیں، جو دیگر ریٹیلرز کے لیے بھی مثال ہونا چاہیے۔

اس موقع پر چیئرمین اپٹما کامران ارشد نے کہا کہ ایل ٹی او میں بڑی تعداد میں ٹیکس دہندگان کے ریفنڈز زیر التوا ہیں، جس سے پہلے ہی بحران زدہ ٹیکسٹائل صنعت کو مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے ان ریفنڈز کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ ایف اے ایس ٹی ای آر سسٹم کے تحت بڑی تعداد میں سیلز ٹیکس کلیمز مخر کیے جا رہے ہیں، جنہیں فوری طور پر پراسیس کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ہر رکن مل کے کروڑوں روپے پھنسے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ مخر شدہ کلیمز کے لیے ایک خصوصی سیل قائم کیا جائے اور ہدایت دی جائے کہ کوئی کیس ایک ماہ سے زائد زیر التوا نہ رہے۔ عملے کی کمی کی صورت میں، انہوں نے تجویز دی کہ کم از کم 80فیصد رقم عارضی طور پر منظور کی جائے۔ رانا طارق محبوب، پیٹرن ان چیف CAP، نے ٹیئر-ون ریٹیلرز کے کردار اور ریٹیل سیکٹر میں ٹیکس کلچر کے فروغ پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ انٹیگریٹڈ ریٹیلرز اپنی ٹرن اوور کا 25-30فیصد مختلف ٹیکسز کی مد میں ادا کرتے ہیں جبکہ غیر دستاویزی ریٹیلرز کچھ نہیں دیتے، جس سے عدم توازن پیدا ہو رہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کیش کے خلاف مہم کو ریٹیل تک بڑھایا جائے اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینے کے لیے صارفین کی اشیا، ٹیکسٹائل اور لیدر مصنوعات پر جی ایس ٹی کی شرح کم کی جائے۔

انہوں نے ایف بی آر-پی او ایس انعامی اسکیم کی بحالی اور ایک روپے پی او ایس فیس کے موثر استعمال کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے چھوٹے ریٹیلرز سے انکم ٹیکس وصولی بڑھانے کے لیے سادہ اور پیش گوئی کے قابل سہ ماہی ایڈوانس ٹیکس نظام کی درخواست کی۔چیئرمین نارتھ اپٹما اسد شفیع نے پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت، اس کی معیشت میں اہمیت اور روزگار کی فراہمی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے 50ارب ڈالر کی برآمدی ہدف کے حصول کیلئے اقدامات اور ٹیکس حکام کے کردار پر زور دیا۔