سوشل ویلفیئر کمپلیکس سیالکوٹ میں ثقافتی ہم آہنگی، رواداری، مثبت سماجی تبدیلی کو فروغ دینے کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

منگل 17 جون 2025 23:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) سوشل ویلفیئر کمپلیکس سیالکوٹ میں بیداری اورسدھارکے اشتراک اور سائوتھ ایشیا پارٹنرشپ پاکستان ن کی معاونت سےشاندار ثقافتی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب سماجی رویوں میں تبدیلی کی مہم (Social Behavior Change Campaign 2024-2026) کا حصہ تھی، جس کا مقصد مقامی سطح پر ثقافتی ہم آہنگی، رواداری اور مثبت سماجی تبدیلی کو فروغ دینا تھا ۔

تقریب میں سوشل ویلفیئر کمپلیکس،مقامی کمیونٹی، سول سوسائٹی کے نمائندگان، نوجوانوں، خواتین اور بچوں نے بھرپور شرکت کی۔ مختلف ثقافتی سرگرمیوں، لوک موسیقی، دستکاری کے سٹالز اور مقامی کھانوں کے ذریعے نہ صرف علاقائی ثقافت کو اجاگر کیا گیا بلکہ معاشرتی ہم آہنگی کا خوبصورت مظاہرہ بھی دیکھنے کو ملا۔

(جاری ہے)

پروگرام میں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے ثقافتی ورثے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ایسے پروگرام معاشرے میں تنوع، برداشت اور بقائے باہمی کے رجحانات کو فروغ دیتے ہیں۔

اس موقع پر مختلف مقامی فنکاروں نے پرفارمنس کا مظاہرہ کیا جبکہ خواتین اور نوجوانوں کی تیار کردہ دستکاری و اشیا پر مشتمل سٹالز نے حاضرین کی بھرپور توجہ حاصل کی۔پروگرام کے کامیاب انعقاد پر شرکا نے بیداری، سدھار اورسائوتھ ایشیا پارٹنرشپ پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی اس قسم کی مثبت سرگرمیوں کا حصہ بنیں گے۔