خطے میں قیام امن کے لئے ہر ممکن معاون کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہیں، یورپی پارلیمنٹ کے سرکردہ ارکان

بدھ 18 جون 2025 00:20

سٹراس برگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2025ء) یورپی پارلیمنٹ کے سرکردہ ارکان نے بات چیت کے ذریعے مسائل کے پرامن حل کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں قیام امن کے لئے ہر ممکن معاون کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہیں، یونین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔ یورپی پارلیمنٹ کی نائب صدر/ ڈپٹی سپیکر کرسٹل شلڈم نے گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک کی قیادت میں پاکستانی پارلیمانی وفد سے ملاقات کے بعد اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے وفد سے ملاقات کرنا میرے لیے ایک بڑی خوشی کی بات تھی، یورپی پارلیمنٹ کے لیے یہ بات نہایت اہم ہے کہ ہم اس امر کو اجاگر کریں کہ ہم چاہتے ہیں کہ متحارب فریقین کے درمیان مکالمہ کے لیے جو کچھ ہمارے بس میں ہے وہ کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم واقعی یہ چاہتے ہیں کہ امن قائم ہو اور اگر ہم اس سلسلے میں کسی قسم کی مدد کر سکتے ہیں تو ہمیں خوشی ہو گی۔ یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کے چیئرمین ڈیویڈ میک ایلسٹر نے پارلیمانی وفد سے ملاقات کے بعد کہا کہ پاکستان سے آئے ہوئے وفد کو یورپی پارلیمنٹ، سٹراس برگ میں خوش آمدید کہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میری رائے میں ایسے دو طرفہ ملاقاتیں ہمیشہ بہت مددگار ثابت ہوتی ہیں کیونکہ ان سے پاکستان اور پورے خطے کی صورتحال کو بہتر طریقے سے سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔ ممبر یورپی پارلیمنٹ مائیکل گہلر نے پاکستان کے پارلیمانی وفد سے ملاقات کے بعد کہا کہ ہم نے پاکستان سے متعلق حالیہ معاملات اور واقعات، ہمسایہ ممالک کے ساتھ صورتحال پر گفتگو کی، ایران اور افغانستان کے موضوعات بھی زیر بحث آئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کے حامی ہیں اور اس کے لیے تمام فریقین کا عزم ضروری ہے۔ انہوں نے تمام اقوام اور افراد سے اپیل کی کہ جو اپنے ہمسایوں کے ساتھ مسائل رکھتے ہیں، وہ انہیں پرامن طریقے سے حل کریں اور اگر یورپی یونین اس ضمن میں کہیں بھی سہولت کاری کا کردار ادا کر سکتی ہے تو ہم اس کے لیے تیار ہیں۔