میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار پر حاضری دی

تین روزہ عرس کے دوران کراچی کی انتظامیہ کی جانب سے مزار پر بہترین انتظامات کئے گئے ہیں

بدھ 18 جون 2025 22:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2025ء) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بدھ کے روز حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار پر حاضری دی اور سالانہ عرس کے موقع پر کراچی کے شہریوں کی جانب سے مزار پر چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، میئر کراچی نے اس موقع پر کہا کہ کراچی کو یہ فخر حاصل ہے کہ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ جیسے عظیم بزرگ کا مزار اقدس یہاں موجود ہے،حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے عرس کے موقع پر کراچی اور دیگر شہروں سے بڑی تعداد میں زائرین یہاں آتے ہیں،تین روزہ عرس کے دوران کراچی کی انتظامیہ کی جانب سے مزار پر بہترین انتظامات کئے گئے ہیں، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پوری دنیا، پاکستان، سندھ اور پورے کراچی سے زائرین عبداللہ شاہ غازیؒ سے اظہار عقیدت پیش کرنے کے لیے مزار پر حاضری دیتے ہیں، ہمارے بزرگانِ دین نے جس خوبصورتی کے ساتھ دین اسلام کی خدمت اور حضور اکرم ﷺ کا پیغام دنیا بھر میں پھیلانے اور قرآن پاک کی تعلیمات سے لوگوں کو روشناس کرانے کے لیے جو کردار ادا کیا اس کے لیے ہم مرتے دم تک ان بزرگان دین کی خدمات کو سراہنا چاہتے ہیں، حضرت عبداللہ شاہ غازی ؒ ایک ایسی عظیم شخصیت ہیں جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے یہاں مدفون ہونے کی وجہ سے یہ شہر کراچی قدرتی آفات سے بچا ہوا ہے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میں تمام بزرگان دین کو خراج عقیدت پیش کرنا چاہوں گا خصوصاً حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کو جن خدمات کی وجہ سے دین اسلام ناصرف دنیا بھر میں بالخصوص صوبہ سندھ اور شہر کراچی میں پھیلا، انہو ں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے حضرت عبداللہ شاہ غازی ؒ کے سالانہ عرس کے سلسلے میں جمعرات 19 جون کو کراچی میں مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جس کے تحت بلدیہ عظمیٰ کراچی کی حدود میں واقع تمام دفاتر سوائے لازمی خدمات اس موقع پر بند رہیں گے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی طرف سے سٹی کونسل کی قرارداد نمبر 594، مورخہ 27 جنوری2005ء کے تحت حضرت عبداللہ شاہ غازی ؒ کے سالانہ عرس کے موقع پر تعطیل کا اعلان کیا جاتا ہے۔