ملینیئم مال میں آتشزدگی، بھرپور جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیاگیا

آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیاں اور 2 اسنارکلز موقع پر پہنچیں

بدھ 18 جون 2025 22:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2025ء)شہر قائد میں جوہر موڑ کے قریب واقع "ملینیئم مال" میں خوفناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ریسکیو حکام کے مطابق آگ مال کے تیسرے فلور پر واقع کنٹرول روم میں لگی، جس کے بعد وہ تیزی سے چھت تک پھیل گئی۔ترجمان ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ مال کی چھت پر نصب چلرز اور الیکٹرک وائرنگ کے باعث آگ نے شدت اختیار کی اور نیچے کے فلورز تک پھیل گئی۔

تیسرے فلور پر واقع کارپوریٹ دفاتر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ خوش قسمتی سے تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیاں اور 2 اسنارکلز موقع پر پہنچیں، جبکہ کے ایم سی اور ریسکیو 1122 کے فائرفائٹرز آگ پر قابو پانے کے لیے مسلسل کارروائی میں مصروف رہیں،تاہم پانی کی شدید قلت کے باعث فائر آپریشن کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

فائربریگیڈ حکام کے مطابق واٹر کارپوریشن کی جانب سے ابتدائی طور پر فائر سائٹ پر واٹر ٹینکرز فراہم نہیں کیے جا سکے۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ مال میں نصب فائر فائٹنگ سسٹم ناقص اور ناکارہ نکلا، جس کے باعث ابتدائی لمحوں میں آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ صبح کے وقت تک آگ پر جزوی طور پر قابو پا لیا گیا تھا، تاہم مکمل کولنگ کے لیے ٹیمیں مصروف عمل رہیں۔بعد ازاں فائر بریگیڈ حکام نے بتایا کہ آگ پر مکمل قابو پالیا گیا ہے، کولنگ کا عمل جاری اور صورت حال قابو میں ہے۔ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔